روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے ابو الفضل العباسؑ کمپلیکس کی انتظامیہ نے آٹھویں بین الاقوامی روح نبوت ثقافتی فیسٹیول برائے خواتین اور عراقی یونیورسٹیوں کی طالبات کے لیے منعقدہ دسویں مرکزی گریجویشن تقریب کی میزبانی کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ابو الفضل العباسؑ کمپلیکس فیسٹیول کے پہلے دن کی صبح کی تقریبات کی میزبانی کرے گا، جس میں خطابات، روضہ مبارک میں خواتین کے پرگراموں کے بارے میں ایک دستاویزی فلم، منقبت و مدح خوانی، خاکہ، اور شہداء کے متعدد خاندانوں کی تکریم شامل ہے۔
حال ہی میں یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات (دفعة بنات الكفيل العاشرة) کی گریجویشن تقریب کے پہلے دن کی شام کی تقریبات بھی ابو الفضل العباسؑ کمپلیکس میں منعقد ہوں گی، جس میں خطابات، منظوم نذرانۂ عقیدت، مذہبی ترانے اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
جمعرات، یکم جنوری 2026 کومنعقد ہونے والے اس فیسٹیول اور گریجویشن تقریب کا اہتمام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دفتر متولی شرعی برائے امور نسواں کے شعبۂ الکفیل دینی مدارس برائے خواتین نے کیا ہے۔
اس کی تقریبات تین دن تک اس شعار کے تحت جاری رہیں گی:(فاطمة الزهراء -عليها السلام- مجمع النورين: النبوّة والإمامة)۔ جبکہ اس کا عنوان: (فاطمة الزهراء -عليها السلام- بناء الوعي وإحياء القيم) قرار دیا گیا ہے اور اس تقریب میں عراق کے 14 گورنریٹ سے 5000 سے زائد طالبات شرکت کریں گی۔
اس فیسٹیول میں عراق سمیت دس عرب و اسلامی ممالک شرکت کریں گے۔ پروگرام میں متعدد علمی و ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن میں تحقیقی مقالات کی نشست اور تحقیقی مقابلہ نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہراء(ع) کی سیرتِ طیبہ سے اعلیٰ اور بلند معانی کا استنباط، محقق خواتین کی حوصلہ افزائی تاکہ وہ آپؑ کی عظیم شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں، نیز سیدۂ نساءِ عالمین(ع) کے فکری ورثے سے متعلق علمی و تحقیقی کاوشوں کے ذریعے علمی کتب خانے کو مالا مال کرنا ہے۔









