روضہ مبارک حضرت عباس( ع) کے شیخ کلینی کمپلیکس میں بغداد کی یونیورسٹیوں کی طالبات کے لیے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، یہ طالبات روضہ مبارک کی طرف سے منظم کی گئی دسویں مرکزی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے کربلا پہنچی ہیں۔
یہ استقبالیہ پروگرام گریجویشن تقریب کے پہلے دن کی سرگرمیوں کا حصہ ہے کہ جس کا اہتمام روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دفتر متولی شرعی برائے امور نسواں کے شعبۂ الکفیل دینی مدارس برائے خواتین نے اس شعار کے تحت کیا ہے:(من نور فاطمة -عليها السلام- نُضيء العالم) اور اس میں عراق کے 14 گورنریٹس سے 5000 سے زائد طالبات شرکت کر رہ ہیں۔
اس استقبالیہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد مذکورہ بالا شعبہ کی سربراہ محترمہ بشریٰ کنانی نے استقبالیہ خطاب کیا اور اپنے خطاب میں معاشرے کی تعمیر ، اقدار کو فروغ دینے، شعور پیدا کرنے، اور اصلاح و ترقی کے عمل میں خواتین کے اہم کردار سمیت کئی تعلیمی اور انسانی مفاہیم پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گریجویشن کی تقریب حجاب اور وقار کے معنی کو تقویت دیتی ہے اور اس حوالے سے شعبۂ الکفیل دینی مدارس دن رات انتھک محنت کر رہا ہے۔ یہاں بناتِ کفیل والنٹیر ایسوسی ایشن کا کردار سامنے آتا ہے، جس سے منسلک خواتین الفاظ کو خدمت ، اور خیالات کو عمل میں بدلتی ہیں، اور اقدار کو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ اعمال سے اجاگر کرتی ہیں۔
استقبالیہ پروگرام میں (قناعة ومعطيات) کے عنوان سے مدرسة أمّ السبطين(ع) کی طالبات نے ایک خاکہ بھی پیش کیا جس میں فکری یلغار اور اس کے خیالات اور رویوں کی تشکیل میں کردار کے بارے میں پیغام دیا گیا۔ اسی طرح قناعت کے درست اور غلط مفہوم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا گریجویشن تقریب کے انعقاد کا مقصد یونیورسٹی کی طالبات کی علمی کامیابیوں کو بہترین انداز میں منانا، معاشرے کی تعمیر میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا اور اپنا اعلی تعلیمی سفر جاری رکھنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔






