عراقی جامعات کی طالبات کے لیے منعقدہ دسویں مرکزی کانووکیشن کی اختتامی تقریبات کے موقع پر 5 ہزار سے زائد طالبات نے ایک عظیم الشان اجتماعی فن پارے (Human Mosaic) کی صورت میں "حُبُّ عَلِيٍّ جُنَّةٌ" کی عبارت رقم کر کے فضا کو معطر کر دیا۔
اس پُرشکوہ تقریب کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے دفتر متولیِ شرعی برائے امور نسواں کے شعبۂ الکفیل دینی مدارس برائے خواتین نے کیا۔ یہ پروگرام "نورِ فاطمہ (سلام اللہ علیہا) سے ہم عالم کو منور کریں گے" کے عنوان تلے منعقد ہوا، جس میں عراق کے 14 صوبوں سے آئی ہوئی 5000 سے زیادہ طالبات نے اپنی علمی کامیابی کا جشن منایا۔
طالبات کی جانب سے اس خوبصورت عبارت کی تصویر کشی محض اتفاق نہیں، بلکہ یہ 13 رجب المرجب، امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب(ع) کے حشن میلاد کے دن کی مناسبت سے مولائے کائنات کے حضور عقیدت کا نذرانہ تھا۔ طالبات نے اپنے اس منفرد انداز سے یہ پیغام دیا کہ ان کی علمی و عملی زندگی کی بنیاد محبتِ اہلِ بیتؑ پر استوار ہے۔
"بنات الکفیل" کانووکیشن کے انعقاد کا بنیادی مقصد تعلیمی سفر کو دینی اقدار اور قومی تشخص کے ساتھ جوڑنا ہے۔ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا وژن نوجوان صلاحیتوں کی سرپرستی کرنا اور معاشرے میں خواتین کے فعال کردار کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ وہ علم اور عمل کے میدانوں میں دینی و اخلاقی اصولوں کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔
