الکفیل میوزیم: عہدِ صفوی کے تین صدیوں پرانے نایاب برتن کی بحالی و مرمت کا کام مکمل

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے "الکفیل عجائب گھر برائے نوادرات و مخطوطات" کی لیبارٹری میں عہدِ صفوی سے تعلق رکھنے والے ایک نایاب برتن کی سائنسی بنیادوں پر بحالی اور مرمت کا کام کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے کہ جس کی تاریخ تین سو سال سے زائد پرانی ہے۔

مرمت کے اس عمل میں برتن کی صفائی، وقت گزرنے کے ساتھ پیدا ہونے والے اثرات اور ماحولیاتی عوامل سے ہونے والے نقصان کا ازالہ شامل تھا۔ اس دوران اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ برتن پر موجود اصل نقش و نگار متاثر نہ ہوں۔ اس تاریخی پیس پر اس کے خالق کا نام (محمد بن الحاجی درويش عباجی) اور سنِ تخلیق (1131 ہجری) کندہ ہے، جسے ماہرین نے جدید لیبارٹری تکنیکوں کے ذریعے محفوظ کر لیا ہے۔


سرخ تانبے سے تیار کردہ یہ برتن اپنے مرکز اور اطراف میں موجود باریک نباتی نقش و نگار اور فنی پٹیوں کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ یہ فن پارہ میوزیم کے دھاتی نوادرات کے مجموعے کا ایک اہم حصہ ہے، جو اس دور کے کاریگروں کی فنی مہارت اور اعلیٰ تکنیکی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ برتن اپنی جمالیاتی قدر اور تاریخی اہمیت کا ایک حسین امتزاج ہے۔

الکفیل میوزیم جدید ترین عالمی معیارات کے مطابق نایاب تاریخی اشیاء کی بحالی اور تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، تاکہ ان تہذیبی اثاثوں کو ان کی اصل شان و شوکت کے ساتھ محققین اور زائرین کے سامنے پیش کیا جا سکے اور اسلامی ورثے کی گہرائی کو اجاگر کیا جا سکے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: