روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے قرآن علمی کمپلکس کی جانب سے ثانیِ زہراء، شریکۃ الحسین حضرت زینب کبریٰ (سلام اللہ علیہا) کے یومِ وفات کی مناسبت سے نجف اشرف میں مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
اس مجلس کا اہتمام کمپلکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ (نجف برانچ) نے کیا، جس میں ادارے کے اساتذہ، منتظمین اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کا آغاز انسٹی ٹیوٹ کے طالب علم اور حافظِ قرآن محمد رضا جابر نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔
تلاوت کے بعد سید مہدی بعاج نے مجلس عزاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں جنابِ زینب (سلام اللہ علیہا) کی پاکیزہ سیرت کے درخشاں پہلوؤں اور تحریکِ کربلا میں آپ کے کلیدی و انقلابی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح جنابِ سیدہ (س) نے مقصدِ حسینی کی ترویج اور باطل کے خلاف پیغامِ حق پہنچانے میں اپنا بے مثال رسالتی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی جانب سے عقيلة بنی ہاشم ثانیِ زہراء، شریکۃ الحسین حضرت زینب کبریٰ (سلام اللہ علیہا) کی یاد میں مختلف عزائی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان محافل و مجالس کا مقصد سیدہ زینب (سلام اللہ علیہا) کے صبر، جہاد اور ان بلند پایہ انسانی و اسلامی اقدار کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جن کی آپ ایک ابدی علامت ہیں۔





