سید المجاہد (قدس سرہ) اور ان کے علمی ورثے کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء نے ’بین الحرمین الشریفین‘ کے ایریا میں واقع عظیم عالمِ دین سید محمد بن علی الطباطبائی الحائری (معروف بہ سید المجاہد، متوفی 1242ھ) کی قبرِ مطہر پر حاضری دی۔
اس حاضری کا مقصد سید المجاہد کے تاریخی و ثقافتی ورثے سے آگاہی حاصل کرنا اور ان کے فکری و مذہبی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔ وفد میں شامل محققین اور دانشوروں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مزارِ اقدس پر حاضری نے کانفرنس کے علمی ماحول میں ایک گہرا روحانی اور معنوی پہلو شامل کر دیا ہے۔
سید المجاہد (قدس سرہ) تاریخِ تشیع کی ان مقتدر شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جو اپنے شجاعانہ جہادی موقف اور دینی و اخلاقی علوم کی ترویج کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔ آپ نے اپنے پیچھے گراں قدر تصانیف اور خطابات کا ایک ایسا علمی ذخیرہ چھوڑا ہے جو آج بھی محققین اور علمی حلقوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
واضح رہے کہ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی "ہئیتِ عالیہ برائے احیاءِ تراث" سے وابستہ "مرکز الشیخ الطوسی للدراسات والتحقیق" نے "مرکز تصویر المخطوطات وفهرستھا" کے تعاون سے کیا تھا۔ اس کانفرنس کا بنیادی ہدف سید المجاہد کی فکری زندگی کو اجاگر کرنا اور ان کے علمی ورثے کو نئی نسل تک پہنچانا تھا۔



