روضہ مبارک امام علی (علیہ السلام) کی انتظامیہ نے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ "الکفیل سنٹر فار آرٹسٹک پروڈکشن اینڈ لائیو براڈکاسٹ" کے عملے کو خصوصی تعریفی سند سے نوازا ہے کہ جو اعزاز میڈیا اداروں اور صحافیوں کو فراہم کی جانے والی مثالی خدمات کے اعتراف میں دی گئی ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سید علی بدری نے اس حوالے سے بتایا کہ: ہمارے شعبے نے عراق اور بیرونِ ملک کے مختلف میڈیا ہاؤسز کے ساتھ باہمی تعاون اور یکجہتی کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اس تعاون کے نتیجے میں بڑے مذہبی اجتماعات (زیارات) اور ثقافتی پروگراموں کی بہترین مشترکہ کوریج ممکن ہوئی ہے، اور اسی کاوش کو سراہتے ہوئے روضہ مبارک امام علی (علیہ السلام) نے ہمارے عملے کو اعترافی و تعریفی سند دی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ الکفیل سینٹر سیٹلائٹ چینلز کو 'کلین فیڈ' (بغیر لوگو کے لائیو براڈکاسٹ) فراہم کر کے ایک عظیم خدمت انجام دے رہا ہے، جس سے درجنوں ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر ناصرف لائیو نشریات بلکہ مختلف ٹی وی پروگرامز، دستاویزی اور فیچر فلمیں بھی تمام میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پیجز کو بغیر کسی لوگو اور بلا معاوضہ فراہم کرتا ہے، تاکہ پیغامِ حق کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جا سکے۔










