حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کے یومِ ولادتِ باسعادت کی بابرکت مناسبت سے روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے خدام کے لیے مخصوص "یومِ خدمت" کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ تقریبات صحنِ مطہر میں منعقد ہوئیں، جن میں روضہ مبارک کے سیکرٹری جنرل سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین، نائب سیکرٹری جنرل سید عباس موسیٰ احمد، مجلسِ ادارہ کے اراکین اور تمام شعبہ جات کے سربراہان سمیت روضہ مبارک کے خدام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز قاری سید حیدر جلوخان نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد شہدائے عراق کے ایصالِ ثواب کے لیے سورہ فاتحہ پڑھی گئی۔
جس کے بعد سید مصطفیٰ مرتضیٰ آل ضیاء الدین نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کی بارگاہ میں خدمت کرنا محض ایک انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک اخلاقی و دینی فریضہ اور ضمیر کا روزانہ امتحان ہے۔ یہ خدمت دنیا میں باعثِ شرف اور آخرت میں بلندیِ درجات کا وسیلہ ہے۔
تقریب کے ضمن میں معروف شاعر محمد فاطمی نے مولا عباس (علیہ السلام) کی سیرت پر مبنی اشعار پیش کیے، جبکہ قاری سید علی مامیتہ نے مخصوص عبادتی مراسم کے دوران زیارتِ حضرت عباس (علیہ السلام) پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔
"یومِ خدمت" کی تقریبات کا اختتام روضہ مبارک کے "امام حسن (علیہ السلام) ہال" میں ہوا، جہاں درج ذیل اعزازات تقسیم کیے گئے:
سال 2025 کے دوران انتقال کر جانے والے خدامِ روضہ کے اہل خانہ کو مالی تحائف پیش کیے گئے مرحوم خدام کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گيا۔
نمایاں خدمات انجام دینے والے مثالی خدام کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔
سال 2025 کے دوران بہترین سہ ماہی اور سالانہ رپورٹس تیار کرنے والے ٹاپ تین (3) شعبہ جات اور سائٹس کو ان کی بہترین دستاویزی و انتظامی کارکردگی پر اعزازی شیلڈز دی گئیں۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) اپنے ممتاز خدام اور وفات پا جانے والے خادموں کے اہل خانہ کی تکریم کو اپنی اس پالیسی کا حصہ قرار دیتا ہے جو ایثار، وفا اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے اعتراف پر مبنی ہے، تاکہ زائرین کی خدمت کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

















