(MARC 21) اور (RDA) پروگرام کے بارے میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی طرف سے جاری ورکشاپ میں 19یونیورسٹیوں کی شرکت

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں فہارست کی تیاری اور معلومات کو منظم طریقہ سے محفوظ کرنے کے لیے قائم مرکز نے دنیا کی بڑی بڑی لائبریریوں میں رائج جدید ترین فہرستی نظام (MARC 21) اور (RDA) کے بارے میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں عراق کی 19یونیورسٹیوں نے شرکت کی کہ جن میں بغداد یونیورسٹی،مستنصرية یونیورسٹی،نهرين یونیورسٹی،عراقية یونیورسٹی،تكنولوجيا یونیورسٹی، كوفة یونیورسٹی، مثنٰى یونیورسٹی اور قادسيةیونیورسٹی بھی شامل ہیں.
الکفیل نیٹ ورک کے نمائںدے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس مرکز کے انچارج حسنين موسوی نے کہا ہے کہ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد موجودہ زمانے میں لائبریریوں میں استعمال ہونے والی جدید ترین کمپیوٹرائز ٹیکنالوجی کو عراق میں روشناس کروانا اور لائبریریوں سے خاطر خواہ فائدہ اٹھانے کے لیے اس نظام کو دنیا کی ترقی یافتہ ممالک کی طرح یہاں بھی رائج کرنے کے لیے کوشش کرنا ہے۔

واضح رہے کہ کسی بھی لائبریری میں موجود کتابوں اور دوسرے مواد سے استفادہ کرنے کے لیے اس کی فہرست اساسی حیثیت رکھتی ہے فہرست کے بغیر کوئی بھی لائبریری محض ایک ایسا خزانہ ہوتی ہے کہ جس سے فائدہ اٹھانا نتیجہ جانے بغیر سمندر میں اندھا دھند موتیوں کی تلاش میں غوطہ لگانا ہے لائبریری میں موجود فہرست پر ہی اعتماد کرتے ہوئے مطالعہ کرنے والا اس لائبریری سے استفادہ کرتا ہے۔
سن 2008ء میں روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی لائبریری میں فہرست سازی کے یونٹ کا اضافہ کیا گیا کہ جو ابتدائی طور پر صرف تین افراد پر مشتمل تھا، ابتدا میں فہرست کی تیاری کے لیے عراق میں پہلے سے رائج پرانا طریقہ اختیار کیا گیا شروع ہی سے یہ محسوس کیا گیا کہ یہ پرانا طریقہ لائبریری سے مکمل استفادہ کرنے کے لیے ناکافی ہے لہذا اسے کسی جدید ترین عالمی طریقہ سے بدلنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس مقصد کے لیے دنیا میں موجود بڑی بڑی لائبریریوں میں فہرست کی تیاری کے طریقہ کار کو جاننے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

دنیا کی اکثر لائبریریوں کے بارے میں جانکاری اور ماہرین سے مشورہ کے بعد روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کی لائبریری میں فہرست سازی کے لیے تعینات افراد اس نتیجہ پہ پہنچے کہ امریکہ میں کانگرس کی لائبریری میں اختیار کیا گيا طریقہ سب سے زیادہ موزوں ہے لہذا سن2010ء میں اسی طریقہ کو اپنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایک امریکی کمپنی کے تیار کردہ پروگرام سمونیّ کو شركة نسيج نامی لبنانی کمپنی سے انگلش سے عربی میں ترجمہ کروا کر اسے ایک عربی پروگرام میں تبدیل کر دیا گیا۔
اس سارے عرصے میں مذکورہ یونٹ کے افراد میں بھی اضافہ ہوتا رہا یونٹ کے ہر فرد نے لائبریریوں کی فہرست سازی کے سلسلہ میں دسیوں کورس کیے اور دسیوں ورکشاپس میں شرکت کی اور روضہ مبارک کی لائبریری کے ریکارڈ اور فہرست کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کا عمل بھی جاری رکھا۔
سن2014ء میں لائبریری میں فہرست سازی کے یونٹ کو سنٹر کا درجہ دے کر اسے "مركزُ الفهرسة ونُظُم المعلومات" کا نام دیا گیا۔

اس وقت اس سنٹر میں6 یونٹ ہیں اور ان میں دسیوں افراد کام کر رہے ہیں کہ جو عراق کی سطح پہ اس فن میں ماہر ترین افراد شمار ہوتے ہیں اور اس کی وجہ ان کی مسلسل محنت اور اس فن میں ہونے والی دنیا میں ہر نئی ورکشاپ اور ہر جدید کورس میں شرکت ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: