روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ 'دار علومِ نہج البلاغہ' کی جانب سے مقامِ امام مہدی (عجّل اللہ فرجہ الشریف) میں موضوعاتی درجہ بندی کے مطابق ہفتہ وار 'محفلِ نہج البلاغہ' کے ضمن میں پہلے درس کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر دارعلومِ نہج البلاغہ کے سربراہ ڈاکٹر لواء عطیہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ نہج البلاغہ کے موضوعاتی مطالعے پر مبنی پہلے ہفتہ وار سیشن کا آغاز کر چکا ہے۔ یہ محفل درحقیقت ایک ایسی علمی نشست ہے جس کا مقصد کتابِ نہج البلاغہ کا گہرا مطالعہ، اس کی شعوری تفہیم اور کلامِ علوی سے رہنمائی حاصل کر کے اسے معاشرتی سطح پر عملی طور پر نافذ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ علمی محفل دارِ علوم نہج البلاغہ کی جانب سے صحنِ مقامِ امام مہدی (عجّل اللہ فرجہ الشریف) میں باقاعدگی سے منعقد کی جائے گی ہے، جس میں ہر ہفتے ایک جامع اور تحقیقی لیکچر پیش کیا جائے گا۔ اس محفل کا پہلا مرحلہ ایک سال پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران دارِ علوم نہج البلاغہ کی جانب سے نہایت احتیاط اور علمی دقّت کے ساتھ مرتب کردہ منہج کے مطابق چالیس فکر انگیز علمی دروس کا اہتمام کیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) 'نہج البلاغہ' کو اسلامی فکر کے بنیادی ستونوں میں شمار کرتا ہے، کیونکہ یہ کتاب انسان، معاشرے اور ریاست کی تشکیل کے حوالے سے ایک جامع اور مکمل وژن فراہم کرتی ہے۔


