روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے متولیِ شرعی عزت مآب علامہ سید احمد صافی (دام عزہ) نے زائرینِ کرام کی خدمت کے لیے روضہ مبارک کے طبی عملے کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مسلسل نکھارنے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت کربلا کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صفاء ددہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر روضہ مبارک کے شعبہ طبی امور کے نگران جواد حسناوی بھی موجود تھے، جنہوں نے زائرین کو فراہم کی جانے والی مشترکہ طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
علامہ صافی نے ہدایت کی کہ ان ملازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ تربیتی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے جو زائرین کے ساتھ براہِ راست رابطے میں رہتے ہیں اور جنہیں ہنگامی حالات میں فوری طبی امداد کے لیے تعینات کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے عملے کو فرسٹ ایڈ، آگ بجھانے اور ہنگامی حالات میں فوری فرائض کی ادائیگی کے لیے مکمل طور پر تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زائرین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صفاء ددہ نے روضہ مبارک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ: محکمہ صحت روضہ مبارک کے طبی شعبے کو مکمل لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے اور حال ہی میں کھولے گئے "جعفر حلی ایمرجنسی میڈیکل سنٹر" کو تمام ضروری ادویات اور طبی سامان فراہم کے لیے تیار ہے۔
اسی طرح روضہ مبارک کے نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام اعلیٰ سطح کے تربیتی کورسز کے دروازے کھول دیے گئے ہیں تاکہ ایک مربوط صحت عامہ کا نظام تشکیل دیا جا سکے جو زائرین کو بہترین طبی و حفاظتی خدمات فراہم کرے۔


