روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ حفظِ نظام نے زائرینِ نیمہ شعبان کی آمد و رفت کو سہل بنانے کے لیے ’صحنِ حضرت ام البنین (سلام اللہ علیہا)‘ کو مکمل طور پر تیار کر لیا ہے۔
مذکورہ شعبے کی سیکورٹی فورس ڈویژن کےکے سربراہ سید سجاد محمود نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے شعبے نے دیگر متعلقہ شعبوں کے تعاون سے صحنِ حضرت ام البنین (ع) کو زائرین کے لیے تیار کر دیا ہے، تاکہ ’باب بغداد‘ کی جانب سے حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کے مرقدِ مطہر میں آنے والے زائرین کو ایک کشادہ راستہ میسر آئے اور رش کے دوران نقل و حمل میں روانی برقرار رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ اپنے تمام تر انسانی وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لا رہا ہے تاکہ زیارتِ شعبانیہ کے احیاء کے لیے آنے والے زائرین کرام کو بہترین ممکنہ خدمات فراہم کی جا سکیں اور انہیں عبادت کے لیے ایک پرسکون اور منظم ماحول میسر ہو۔
واضح رہے کہ زیارت نیمہ شعبان کی عظیم مناسبت پر عراق اور دنیا بھر سے لاکھوں زائرین مراسم زیارت اور اعمالِ نیمہ شعبان کی ادائیگی کے لئے روضہ مبارک امام حسین (علیہ السلام) اور حضرت عباس (علیہ السلام) میں حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔




