اس حوالے سے شعبے سے وابستہ 'القمّر ثقافتی فورم سینٹر' کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب علی عبدالوہاب نے بتایا کہ سینٹر کے عملے نے زائرینِ کرام کو پھول اور مٹھائیاں پیش کیں، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ خصوصی کارڈز بھی تقسیم کیے گئے جن پرتعجیلِ ظہورِ امام زمانہ(عج) کے لیے دعائے فرج تحریر تھی۔
انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس مبارک موقع پر زائرین میں روحانی خوشیاں بانٹنے کے لیے 1,192 گلاب کے پھول تقسیم کیے گئے، جو امامِ عصر (عج) کی عمرِ مبارک کے سالوں کی تعداد کے برابر ہیں۔
واضح رہے کہ 15 شعبان المعظم کے موقع پر عراق کے طول و عرض اور بیرونِ ملک سے زائرین کی ایک کثیر تعداد امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ ہائے مبارک پر حاضری دے کر جشنِ میلاد مناتی ہے۔ اس بڑے اجتماع کے پیشِ نظر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے جامع خدماتی، تنظیمی، طبی اور حفاظتی لائحہ عمل تیار کیا ہے۔






