روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین سے وابستہ "شعبہ دینی رہنمائی برائے خواتین" (شعبة التوجيه الديني النسوي) کی جانب سے حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کی زائرات کے لیے "خطوات نحو الظهور" کے عنوان سے ایک خصوصی میدانی معلوماتی مقابلے (فیلڈ کوئز) کا انعقاد کیاگیا۔
شعبہ دینی رہنمائی برائے خواتین کے میڈیا اینڈ ایکٹیویٹیز یونٹ کے زیر اہتمام یہ مقابلہ منجیِ عالمِ بشریت حضرت امام مہدی (عجّل اللہ فرجہ الشریف) کے جشنِ میلاد کی مناسبت سے منعقد کیا گیا۔
شعبہ مذہبی رہنمائی کی سربراہ محترمہ عذراء الشامی نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد ظہور کی منتظر خواتین کے کردار کو اجاگر کرنااور امامِ وقت کے حضور ان کے دینی و اخلاقی فرائض کا تعین کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین اس بات سے آگاہ ہوں کہ امام (علیہ السلام) ان سے کیا توقعات رکھتے ہیں اور اس مبارک موقع پر اپنے کردار سے امام (عج) کے دل کو شادمان کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امامِ زمانہ (عجّل اللہ فرجہ الشریف) کی شبِ ولادت کا احیا محض ایک روایت نہیں، بلکہ یہ امام کے ساتھ ہماری گہری وابستگی اور اطاعت کے اظہار کا موقع ہے۔ اس مبارک رات میں خصوصی عبادات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ امامِ منتظر کی معرفت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔





