العمید یونیورسٹی کے شعبہ نفسیاتی رہنمائی اور تعلیمی مشاورت کے زیرِ اہتمام امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب (علیہ السلام) کے یومِ شہادت کی مناسبت سےمجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز یونیورسٹی کے طالب علم احمد عبد الحسین نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد خطیبِ اہل بیت سید حسین الصافی نے مجلس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس عظیم سانحے کے مومنین کے دلوں پر پڑنے والے اثرات اور اس کے روحانی پہلوؤں کو بیان کیا۔
خطیبِ مجلس نے امیر المومنین (علیہ السلام) کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کی حیاتِ مبارکہ، جہاد، صبر اور لازوال قربانیوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے اس دور میں خاندانِ نبوت و امامت(علیہم السلام) پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے مولائے کائنات (علیہ السلام) کی زندگی سے ملنے والے صبر، استقامت اور نصرتِ حق کے دروس پر سیر حاصل گفتگو کی۔
واضح رہے کہ اس مجلس کا انعقاد ان آگاہی اور مذہبی سرگرمیوں کا حصہ ہے جنہیں العمید یونیورسٹی تعلیمی ماحول میں مذہبی اقدار کے فروغ اور ثقافتِ ولاءِ اہل بیت (علیہم السلام) کو راسخ کرنے کے لیے منعقد کرتی ہے۔





