روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کےقرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے دارالحکومت بغداد کی مستنصریہ یونیورسٹی کے کالج آف آرٹس میں مقابلہ حسنِ قرات کا انعقاد کیاگیا۔
یہ مقابلہ علمی کمپلیکس سے اوابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ بغداد برانچ نے یونیورسٹی کے تعاون اور ایک خصوصی جیوری کمیٹی کی شرکت سے منعقد کیا تھا تاکہ شرکاء کی کارکردگی کو تلاوت کے اصولوں کے مطابق جانچا جا سکے۔
انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جناب نبیل السعدی نے بتایا کہ مقابلے میں مستنصریہ یونیورسٹی کے تمام کالجوں کے طلباء نے بھرپور شرکت کی اور حُسنِ قرأت و تلاوتِ کلامِ پاک میں ایک دوسرے کے ساتھ علمی و روحانی مسابقت کی۔ مقابلے کے اختتام پر شاندار کارکردگی کی بنیاد پر تین منتخب طلباء کو بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مقابلے کا بنیادی مقصد طلباء کو تلاوتِ قرآن کی جانب راغب کرنا اور جامعات کے علمی ماحول میں قرآنی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔
مقابلے کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء اور اس پروگرام کی کامیابی میں معاونت کرنے والے منتظمین کو اعزازی شیلڈز اور انعامات سے نوازا گیا، تاکہ ان کی تلاوت میں مہارت اور قرآنی خدمات کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔








