رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کی زندگیوں میں ایک ایسا ایمانی و روحانی موقع ہے جو تلاوت اور فہمِ قرآن کے ذریعے خالق و مخلوق کے تعلق کو مستحکم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے، کیونکہ یہ وہی مبارک مہینہ ہے جس میں قرآنِ مجید کو انسانیت کی ہدایت اور قلوب و اذہان کو منور کرنے والے نورِ مبین کے طور پر نازل کیا گیا۔
اس فضیلت والے مہینے میں مسلمانوں کی زندگیوں میں کتاب اللہ کی موجودگی ایک منفرد اور روح پرور انداز میں نمایاں ہوتی ہے۔ تلاوتِ قرآن اور ختمِ قرآن کے سلسلوں میں اضافہ ہو جاتا ہے اور حلقہ ہائے تلاوت، قرآنی محافل اور مقابلوں کے ذریعے دینی سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں، جو مذہبی شعور کو بیدار کرنے اور معاشرے کے روحانی تعلق کو گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
یہ سرگرمیاں معاشرے کے تمام طبقات، بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں میں قرآن کریم سے ماخوذ اخلاقی اقدار کو راسخ کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ا
اس ماہ فضیل میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے زیرِ اہتمام قرآنی پروگرام ایک جامع وژن کا حصہ ہیں، جس کا مقصد قرآنی اقدار کو راسخ کرنا اور ایک ایسے باشعور معاشرے کی تعمیر ہے جو ماہِ رمضان کی روحانیت سے ایمان اور تقویٰ کی روشنی حاصل کر سکے۔
ماہِ صیام: ہزاروں قراء کی شرکت اور سینکڑوں قرآنی محافل کا انعقاد
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس کے سربراہ ڈاکٹر مشتاق العلی نے ادارے کی رمضان المبارک کی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ قرآن علمی کمپلیکس ماہِ رمضان کے دوران اپنی تبلیغی و تعلیمی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافہ کرتا ہے۔ ان میں 'ختمِ قرآن' کی محافل کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جن کا انعقاد کمپلیکس کی ذیلی شاخوں نے عراق کے تمام صوبوں میں کیا گیا، تاکہ معاشرے کے تمام طبقات میں درست تلاوتِ قرآن کے کلچر کو عام کیا جا سکے۔
ڈاکٹر العلی نے اعداد و شمار کی روشنی میں بتایا کہ عراق کے طول و عرض میں منعقدہ مرکزی اور ذیلی قرآنی محافل کی مجموعی تعداد 286 رہی، جن میں 2000 سے زائد ممتاز قراء نے شرکت کی۔ ان شرکاء میں جامعات کے پروفیسرز، نو عمر حفاظِ کرام، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار، ڈاکٹرز، انجینئرز، قرآنی کورسز کے طلباء اور عراقی عتبات عالیہ کے قراء شامل تھے۔ علاوہ ازیں، حوزہ علمیہ کے وہ طلباء بھی ان محافل کا حصہ تھے جن کی تلاوت کی مہارتوں کو نکھارنےکے لیے کمپلیکس نے خصوصی تربیتی پروگرام ترتیب دیے تھے۔
ڈاکٹر العلی نے واضح کیا کہ سب سے اہم محافل میں مقامِ امام مہدی (عج) کے ہال میں منعقدہ "نوجوان حفاظ کی قرآنی محفل" اور نجف اشرف میں "طلباء علومِ دینیہ کی قرآنی محفل" شامل ہیں۔
عراق کے 14 صوبوں میں قرآنی سرگرمیوں کا دائرہ کار
اس سال ماہ مبارک کے دوران قرآن علمی کمپلیکس کی قرآنی سرگرمیوں کا دائرہ عراق کے 14 صوبوں تک وسیع رہا، جن میں نجف اشرف، کربلائے معلیٰ، بغداد، المثنیٰ، ذی قار، کرکوک، صلاح الدین، دیالی، بصرہ، میسان، بابل، واسط، دیوانیہ اور نینویٰ شامل ہیں۔ ان تمام علاقوں میں مقامی آبادی کی مذہبی و تعلیمی ضروریات کے مطابق پروگرام ترتیب دیے گئے۔
ڈاکٹر مشتاق العلی نے نونہالوں کے لیے مخصوص "القرآنی الصغیر" پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے میں قرآنی آیات اور سیرتِ اہل بیت (علیہم السلام) سے ماخوذ فن پارے اور تصویری کہانیاں شامل کی گئی ہیں۔اس پروگرام کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ بچے اور نوجوان دلچسپی کے ساتھ قرآنی مفاہیم کو سمجھ سکیں۔
تیسرا بین الاقوامی "العمید ایوارڈ" برائے تلاوتِ قرآن
ماہِ رمضان کے دوران "العمید بین الاقوامی قرآنی ایوارڈ" کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں 20 عرب اور غیر ملکی ممالک سے تعلق رکھنے والے 30 قراء (بڑوں کے زمرے میں)اور 15 قراء کرام نے ( نوجوان کے زمرے میں )شرکت کی۔ یہ مقابلہ 28 راؤنڈز پر مشتمل تھا۔ ڈاکٹر العلی کے مطابق اس سال شرکاء کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ رہی، جو اس ایوارڈ کی عالمی سطح پر مقبولیت کا ثبوت ہے۔
حوزہ علمیہ نجف اشرف کے زیرِ اہتمام 11 صوبوں میں "یُبلّغون" پروگرام کا انعقاد
نجف اشرف: حوزہ علمیہ نجف اشرف کے تبلیغی مشن کے تحت ملک بھر کے 11 صوبوں میں وسیع پیمانے پر دعوتی و تربیتی پروگرام "یُبلّغون" (وہ پیغام پہنچاتے ہیں) کے پانچویں ایڈیشن کا آغازکیا گیا۔ اس خصوصی پروگرام کے لیے حوزہ علمیہ کے 80 مبلغین کو مختلف علاقوں میں روانہ کیا گیاگیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے مذہبی امور کے نگران، شیخ وسام السبتي کے مطابق، اس پروگرام کا بنیادی مقصد معاشرے کی فکری اور مذہبی رہنمائی کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں قرآنی مجالس اور تربیتی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے وسیع پیمانے پر قرآنی و تعلیمی سرگرمیاں
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کے دفتر متولی شرعی برائے خواتین کے تحت حرمِ مطہر، مقامِ امام مہدی (عج) اور عراق کے مختلف صوبوں میں خواتین کے لیے خصوصی دعوتی اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا محور خواتین میں قرآنی شعور کی بیداری اور اہل بیت (ع) کی تعلیمات کی ترویج ہے۔
اختتامیہ:
یہ متنوع قرآنی پروگرام روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان مربوط اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں جن کا مقصد جدید اور مؤثر طریقوں سے معاشرے کے تمام طبقات میں قرآنی شعور بیدار کرنا اور کتابِ الٰہی کو انسانی زندگی کا محور بنانا ہے۔












