روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے وفد کے مطابق، اتوار، 5 اپریل 2026 کو قم مقدسہ میں موجود م اعلیٰ دینی قیادت کے دفتر کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے امدادی سامان کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔
حرم مطہر میں امدادی کمیٹی کے سربراہ اور امدادی قافلے کے رہنما سربراہ جناب محمد اشیقر نے بتایا کہ امدادی سامان کی تقسیم کا طریقہ کار شہرِ قم میں مرجعِ اعلیٰ آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی (دام ظلہ) کے دفتر اور ان کے نمائندہ عام جناب سید جواد شہرستانی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے طے کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرجعیتِ اعلیٰ کے دفتر کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ہم نے خوراک، ادویات اور طبی سامان پر مشتمل امدادی سامان پہنچایا، جسے ایرانی ہلالِ احمر کے گوداموں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہلالِ احمر متعلقہ ادارہ ہونے کی وجہ سے متاثرین اور ضرورت مندوں کے درست اعداد و شمار رکھتا ہے، لہذا امدادی سامان کی تقسیم اسی کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
اشیقر صاحب نے یہ بھی واضح کیا کہ عراقی عوام کی جانب سے مرجعیتِ اعلیٰ کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے جو مالی امداد اور عطیات جمع کیے گئے تھے، وہ ہم نے خود ہسپتالوں میں جا کر زخمیوں تک پہنچائے۔ اسی طرح قم میں دفترِ مرجعیت اور ایرانی ہلالِ احمر کے ساتھ مل کر شہداء کے خاندانوں کے گھروں میں جا کر ان کی عیادت کی اور عراقی عوام کی جانب سے پیش کردہ امداد اورعطیات انہیں پیش کیے۔



















