روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے امدادی وفد نے ایران میں حالیہ کشیدہ جنگی واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ یہ دورہ اس انسانی ہمدردی مہم کا حصہ ہے جو اعلیٰ دینی قیادت کی پکار پر لبیک کہتے ہوئےروضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (ع) کی ریلیف کمیٹی اور امدادی قافلے کے سربراہ جناب محمد اشیقر نے بتایا کہ روضہ مبارک کے وفد نے متعدد شہداء کے لواحقین سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفد نے شہداء کے خاندانوں کو عراقی عوام کی طرف سے مالی امداد اور عطیات پیش کئے۔
واضح رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس (ع) نے چند روز قبل 38 ٹرکوں پر مشتمل ایک بڑا امدادی قافلہ ایران روانہ کیا تھا، جو مجموعی طور پر 690 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ہے۔ اس میں 670 ٹن بنیادی غذائی اشیاء اور 20 ٹن ضروری طبی سامان شامل ہے۔
یہ امدادی مہم ان انسانی اقدامات کا تسلسل ہے جو روضہ مبارک حضرت عباس (ع) ماضی کے بحرانوں میں بھی انجام دیتا رہا ہے۔ ان اقدامات میں 2023 کے زلزلے کے دوران شامی عوام کی مدد، اور 2024 میں غزہ کےشہریوں اور لبنانی پناہ گزینوں کی حمایت شامل ہے۔ حرمِ مطہراپنے انسانی اور اخلاقی فرائض کی ادائیگی کے لیے ہر مشکل گھڑی میں پیش پیش رہا ہے۔








