روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے شعبہ طبی امور کے ایک وفد نے محکمہ صحت کربلا کے ساتھ صحت کے شعبے میں تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
یہ مشاورت شعبہ طبی امور کی سربراہ ہيفاء التمیمی اور ان کے معاون ڈاکٹر ماہر خالد کےکربلا کے ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کے دورے کے دوران ہوئی۔ وفد نے محکمہ صحت کربلا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر صفاء الددة سے ملاقات کی، جس میں محکمے کے دیگر اعلیٰ حکام اور شعبہ جاتی سربراہان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد طبی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانا اور مشترکہ طبی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا ہے، بالخصوص ملین مارچ (زیارتِ اربعین) کے ایام میں زائرین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں اداروں کے مابین جاری تعاون کے نتیجے میں متعدد طبی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچے ہیں۔ ان میں سے ایک اہم سنگ میل رواں سال کے آغاز میں "مرکزِ سید جعفر الحلی (رحمہ اللہ) برائے ہنگامی طبی خدمات" کا افتتاح ہے، جو زائرینِ کرام اور کربلا کے شہریوں کو چوبیس گھنٹے جامع طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد کی جانب سے محکمہ صحت کربلا کے انتظامی عملے کی خدمات کو سراہا گیا۔ زائرین اور اہل علاقہ کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور انتھک محنت کے اعتراف میں عملے کو اعزازی شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔







