روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلیکس نے صوبہ کربلا میں جاری اپنے تبلیغی منصوبے "المساجد حیاۃ" کے تحت امام جعفر صادق (علیہ السلام) کے یومِ شہادت کی مناسبت سے ایک مجلسِ عزا منعقد کی۔
کمپلیکس سے منسلک قرآن انسٹی ٹیوٹ کربلا برانچ) کے ڈائریکٹر شیخ جواد النصراوی نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ نے امام جعفر صادق (علیہ السلام) کے یومِ شہادت کی یاد میں ایک خصوصی مجلسِ عزا کا اہتمام کیا، جو کہ 'المساجد حیاۃ' پروجیکٹ کے تحت منعقدہ ایک قرآنی لیکچر کے سلسلے کی کڑی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مجلسِ عزا حی الحسین (ع) کے علاقے میں واقع مسجد السادات میں منعقد ہوئی، جس سےشیخ محمد النبهانی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں امام صادق(ع) کی سیرت طیبہ، طاغوتی ادوار میں امام(ع) پر ڈھائے جانے والے مظالم اور حق کے دفاع میں امام(ع) کے جرأت مندانہ مواقف کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ ائمہ اطہار علیہم السلام کے ایام و مناسبات کے احیاء، مذہبی شعور کی بیداری اور حقیقی اسلامی اقدار کی ترویج کے لیے مستقل بنیادوں پر مجالسِ عزا اور مختلف قرآنی و فکری پروگراموں کے انعقاد کا خصوصی اہتمام کرتا ہے۔







