روضہ مبارک حضرت عباس کے شعبہ تربیت واعلی تعلیم سے وابستہ الکفیل یونیورسٹی کی جانب سے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مجلس عزاء شعبہ نفسیاتی مشاورت اور تعلیمی رہنمائی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کے ایونٹ ہال میں منعقد ہوئی جس میں یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر نورس محمد شهيد الدهان ،علمی معاون ڈاکٹر نوال عائد المیالی، متعدد شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز اور ملازمین اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز روضہ مبارک کے علمی کمپلیکس کے قاری علی الزبیدی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد شیخ حافظ الدجیلی نے مجلس سے خطاب کرتے ہوئے امام جعفر صادق (علیہ السلام) کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ذکر کیا کہ کس طرح امامؑ نے خانوادۂ نبوت میں پرورش پائی اور علم و معرفت کی ترویج میں بے مثال کردار ادا کیا۔
دوران خطاب انہوں نے امام(ع) کی علمی خدمات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ علیہ السلام نے ہزاروں طلباء کو فقہ، قرآن، طب، کیمیا اور علم المناذرہ کی تعلیم دی اور دینا پر علم اور سائنس کے دروازے کھولے اور دنیا کو علم و عرفان کے خزانوں سے مالا مال کیا۔
خطیبِ مجلس نے رواداری، باہمی مکالمے کی اقدار اور فکری کشادگی کو فروغ دینے کے حوالے سے آپ (علیہ السلام) کے اسلوبِ حیات پر روشنی ڈالی اور حقیقی اسلامی شعور کی بیداری میں آپ کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، آپ کی شہادت کے پس منظر، اس وقت کے حالات اور آپ پر ڈھائے جانے والے مظالم و ستم پر بھی روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ الکفیل یونیورسٹی اہل بیت علیہم السلام کی تمام مناسبات بشمول جشن ولادت اور ایام شہادت کے احیاء کے لئے تیار کردہ شیڈول کے مطابق محققین ، مبلغین اور مفکرین کی میزبانی کرتے ہوئے پروگرامز اور عزائی تقریبات کا انعقاد کرتی ہے۔








