روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے دفترمتولی شرعی سے وابستہ شعبہ دینی رہنمائی برائے خواتین نے شہادتِ امام جعفر صادق کی (علیہ السلام) کی مناسبت سے زائرات کے لیے ایک خصوصی میدانی کوئز مقابلے کا انعقاد کیا۔
شعبے کی سربراہ محترمہ عذراء الشامی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ: "اس مقابلے میں ایسے سوالات شامل کیے گئے تھے جو امام جعفر صادق (علیہ السلام) کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ آپ (ع) کے لازوال علمی و فکری مآثر کی معرفت پر مبنی تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام جعفر صادق (علیہ السلام) تاریخِ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے اسلامی اصولوں کی ترویج اور شریعتِ مقدسہ کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا، اور آپ (ع) کی ذاتِ گرامی امتِ مسلمہ کے لیے ایک ابدی نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس علمی مقابلے میں خواتین زائرات نے بھرپور دلچسپی اور جوش و خروش کا اظہار کیا، جس سے اہلِ بیت (علیہم السلام) کے ساتھ ان کے گہرے قلبی تعلق کی عکاسی ہوتی ہے۔ مقابلے کے اختتام پر شرکاء میں روضہ مبارک حضرت ابوالفضل العباس (علیہ السلام) کے تبرکات بھی تقسیم کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی یاد میں ان ایام کا احیا ہمارا منشور ہے، جس کی ترویج کے لیے شعبہ پر عزم ہے۔مختلف میدانی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ہمارا مقصد خواتین کی ایسی تربیت کرنا ہے جو ایک پاکیزہ معاشرے کے قیام میں معاون ہو اور جس کی اساس محبت و اتباعِ اہل بیت (علیہم السلام) پر استوار ہو۔





