روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ الکفیل نرسریز گروپ نے کربلا یونیورسٹی کے کالج آف سائنس میں منعقدہ جاب کانفرنس میں اپنی متنوع نباتات اور پودوں کی نمائش کی۔
گروپ کے ڈپٹی انچارج جناب علی حمزہ سالم نے بتایا کہ ہماری شرکت دو محوروں پر مشتمل تھی؛ پہلا محور کانفرنس کے ہالز اور راہداریوں کو پھولوں، انڈور اور آؤٹ ڈور پودوں سے سجانا تھا، جبکہ دوسرا محور پودوں کی ایک خصوصی نمائش کا انعقاد تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پودوں کی اس نمائش میں مختلف اقسام کے انڈور ، آؤٹ ڈور پودوں اور پھولوں کا متنوع مجموعہ پیش کیا گیا، جسے کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی ملی؛ جس کی وجہ ان پودوں کا اعلیٰ معیار اور تنوع ہے۔
کالج آف سائنس کے سربراہ کے انتظامی معاون، ڈاکٹر عزیز یاسر العذاری نے کہا کہ الکفیل نرسریز گروپ کا یونیورسٹی آف کربلا کے کالجوں کی طرف سے منعقد ہونے والی تمام کانفرنسوں اور فیسٹیولز میں ایک نمایاں کردار رہا ہے۔ یہ ادارہ اعلیٰ معیار کے پودوں کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا کر مقامی مارکیٹ کی طلب پوری کرنے اور اسے مستحکم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد کالجز اور یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل طلباء(گریجویٹس) کو شریک اداروں کے تجربات سے روشناس کروانا اور ان کے علم میں اضافہ کرنا ہے، تاکہ مستقبل میں انہیں اپنے ذاتی منصوبے شروع کرنے کی ترغیب مل سکے۔
یہ کانفرنس(علوم القطاع الخاصّ.. شركات واعدة تعزّز حضورك المهنيّ) کے عنوان کے تحت منعقد کی گئی، جس میں لائف سائنسز، کیمسٹری اور فزکس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 4000 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔



