یہ بابرکت محفل روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے صحن مقدس میں منعقد ہوئی، جس میں روضہ مبارک کے متعدد عہدیدار ن اور زائرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد روضہ مبارک کے سیکرٹریٹ کی جانب سے شعبہ مذہبی امور کے نائب سربراہ شیخ عادل الوکیل نے خطاب کیا۔ انہوں نے سیدہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کی سیرتِ طیبہ، فضائلِ علمی اور اہل بیت (علیہم السلام) کے ہاں آپ کے بلند مقام و مرتبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ آپ کی زندگی صبر، استقامت اور حقیقی دینی اقدار کے فروغ کی ایک درخشندہ مثال ہے۔انہوں نے آپ کی حیاتِ مبارکہ کے اہم مراحل اور وہ سخت حالات جو آپ نے برداشت کیے پر بھی گفتگو کی۔
روضہ مبارک کی مرکزی تقریبات کی کمیٹی کے رکن سید عقیل الیاسری نے بتایا کہ یہ محفل سیدہ فاطمہ معصومہ (سلام اللہ علیہا) کے جشنِ میلاد کے پرمسرت موقع کی مناسبت سے منعقد کی گئی، جس میں مختلف ثقافتی و دینی پروگرام شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس محفل میں ممتاز قراء کرام نے شرکت کرتے ہوئے تلاوتِ قرآنِ کریم کی سعادت بھی حاصل کی۔ محفل کے اختتام پر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے جشنِ میلاد کی مناسبت سے منعقدہ خصوصی آن لائن ثقافتی مقابلے کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا اور اس مقابلے کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا گیا۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) اہل بیت علیہم السلام کے ایام اور مناسبات کے احیاء کے لیے مختلف ثقافتی اور دینی سرگرمیوں کا اہتمام کرتا ہے، تاکہ معاشرے کے مختلف طبقات میں دینی آگاہی کو فروغ دیا جا سکے اور حقیقی اسلامی اقدار کو مستحکم کیا جا سکے۔














