روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے حرمِ مطہر کے اندر اور باہر قائم کلکیشن سنٹرزکے ذریعے ایرانی اور لبنانی عوام کی امداد کے لیے عطیات کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)نے یہ امدادی مہم اعلی دینی قیادت کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے شروع کی ہے، جس کے انتظام و انصرام کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
عطیات کی وصولی کے لیے حرمِ مطہر کے اندر اور باہر پانچ مراکز کھولے گئے ہیں۔ ان عطیات کی منتقلی روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کے متولیِ شرعی کے دفتر اور عراق و بیرونِ ملک (خصوصاً ایران اور لبنان میں) اعلیٰ دینی قیادت کے دفاتر کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ عمل میں لائی جارہی ہے، تاکہ یہ امداد براہِ راست بحران سے متاثرہ افراد تک پہنچائی جا سکے اور ان کی تکالیف کو کم کیا جا سکے۔
حرمِ مطہر کے اندر مردوں اور خواتین کے لیے درج ذیل مقامات پر مراکز قائم ہیں:
شعبہ ہدایا و نذورات: اس کے دو مراکز ہیں؛ پہلا بابِ امام حسن (علیہ السلام) کے پاس اور دوسرا بابِ علقمی کے قریب۔
شعبہ دینی امور: بابِ امام حسین (علیہ السلام) کے قریب واقع مرکز۔
خواتین کے لیے خصوصی مرکز: بابِ امام محمد جواد (علیہ السلام) کے قریب یونٹ برائے ہدایا و نذورات۔
حرمِ مطہر سے باہر، خواتین کے لیے مرکز الصدیقہ الطاہرہ (علیہا السلام) میں بھی ایک دفتر کھولا گیا ہے، جو کربلا کے علاقے 'حی الملحق'، امام حسین (علیہ السلام) ٹیچنگ ہسپتال روڈ، جامع صاحب الزمان (عج) کےپاس واقع ہے۔
روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) اس سے قبل ایران کے لیے پہلا امدادی قافلہ روانہ کر چکا ہے، جو 38 ٹرکوں پر مشتمل تھا۔ اس قافلے میں 690 ٹن امدادی سامان شامل تھا، جس میں 670 ٹن بنیادی غذائی اشیاء اور 20 ٹن ضروری طبی ساز و سامان بھیجا گیا تھا۔
لبنان میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی روضہ مبارک نے اعلان کیا ہے کہ ان کا مرکزی باورچی خانہ (سینٹرل کچن) فعال ہے، جو مختلف علاقوں میں روزانہ تقریباً 5000 مستحقین کو کھانا فراہم کر رہا ہے۔








