روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام)کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے احیائے ذکرِاہلبیت علیہم السلام کی مناسبت سے ہفتہ وار مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا۔ روضہ مبارک کے استقبالیہ ہال میں منعقد ہونے والی اس مجلسِ عزاء میں روضہ مبارک کے خدام اور زائرین کے ایک گروپ نے شرکت کی۔
مجلس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد شیخ عبداللہ الدجیلی نے مجلس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے خاندانِ نبوت (علیہم السلام) پر روا رکھے جانے والےمصائب و آلام کا ذکر کیا اور ان کی ولایت سے وابستگی اورسیرتِ معصومین (علیہم السلام) کی اتباع و پیروی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
یہ مجلس ان پروگراموں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے جو روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان مجالس کے انعقاد کا مقصد اہل بیت (علیہم السلام) سے منسوب ایام کی یاد منانا اور دین و انسانیت کی خاطر دی جانے والی ان کی عظیم قربانیوں اور لازوال موقف کو اجاگر کرنا ہے۔







