کربلا یونیورسٹی کے طلباء کے لیے: قرآن علمی کمپلیکس کی جانب سے "الساقی" تجوید و قرأت کورس کا آغاز

روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے قرآن علمی کمپلکس نے جامعہ کربلا کے ہاسٹلز میں مقیم طلبہ کے لیے قرآن کریم کی درست تلاوت اور قواعدِ تجوید پر مبنی "الساقی" کورس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

کمپلکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ (کربلا برانچ) کے انچارج شیخ جواد النصراوی نے اس حوالے سے بتایا کہ: انسٹی ٹیوٹ نے کتاب اللہ کی درست قرأت اور احکامِ تلاوت کی ترویج کے لیے 'الساقی' کورس شروع کیا ہے، جس میں جامعہ کربلا کے مختلف ہاسٹلز سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی ایک بڑی تعداد شریک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تربیتی کورس جامعہ کربلا کے "ڈپارٹمنٹ آف ہاسٹلز" کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کورس کے دوران ماہر اساتذہ کی زیرِ نگرانی طلبہ کو تجوید کے عملی و نظری قواعد سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ تلاوتِ قرآن میں مہارت حاصل کر سکیں۔

شیخ نصراوی کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ قرآن کریم کی آیات کو قواعدِ تجوید کے مطابق فصاحت و بلاغت کے ساتھ تلاوت کر سکیں اور عربی حروف کے درست مخارج اور ادائیگی پر مکمل دسترس حاصل کر لیں۔

واضح رہے یہ پروگرام روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کے ان تعلیمی و تربیتی منصوبوں کا حصہ ہے جن کا مقصد یونیورسٹیوں کے طلبہ میں قرآنی شعور بیدار کرنا اور ان کے علمی و روحانی سفر کو کتابِ الٰہی کی روشنی سے منور کرنا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: