روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام )کے قرآن علمی کمپلیکس نے بغداد میں حفظِ قرآن منصوبے کو مزید وسعت و ترقی دینے پر تبادلہ خیال کے لیے اس منصوبے سے وابستہ اساتذہ کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا ہے۔
اس اجلاس کا اہتمام علمی کمپلیکس سے وابستہ قرآن انسٹی ٹیوٹ بغداد برانچ نے کیا، جس کا بنیادی مقصد حفظ کے منصوبے کومزید وسعت دینے کے طریقہ کار اور اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور طلباء کے تعلیمی معیار کو بلند کرنا تھا۔
انسٹی ٹیوٹ میں حفظ یونٹ کے سربراہ جناب محمد السودانی نے بتایا کہ اس اجلاس میں اساتذہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ایسی حکمتِ عملی مرتب کی جا سکے جو طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں قومی و بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کے لیے تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو۔
یہ اجلاس ان ترقیاتی پروگراموں کا حصہ ہے جو قرآن انسٹی ٹیوٹ بغداد کی جانب سے اپنے طلباء کی قرآنی و علمی سطح کو بلند کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جاتے ہیں۔

