روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے شعبہ دینی امور نے حرمِ مطہر کےنئے ملازمین کی فکری و مذہبی تربیت کے لیے منعقدہ 58ویں کورس کا اختتام کیا ہے۔
یہ کورس روضہ مبارک کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے فزیکل ٹریننگ ڈویژن میں منعقد ہوا۔
کورس کے انسٹرکٹر شیخ عادل الوکیل نے کہا کہ شعبہ دینی امور روضہ مبارک کے ملازمین کے لیے فقہی اور ترقیاتی کورسز پیش کرتا رہتا ہے۔ ان کورسز کے انعقاد کا بنیادی مقصد ملازمین کے مذہبی تصورات کو مزید پختہ کرنا اور اسلامی فقہ سے متعلق ان کی فکری و علمی استعداد میں اضافہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورس میں فقہ، اصول، اخلاقیات، اور رہنمائی کے بارے میں لیکچرز اور تربیتی سیشنز شامل تھے، جو کہ ملازمین کے کردار کو ایک مضبوط بنیاد پر استوار کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ، تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو مکمل عزم اور وابستگی کے ساتھ ادا کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ کورس چھ دن تک جاری رہا، جس دوران روزانہ تین گھنٹے کے تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے۔اور اس کا اختتام ایک تحریری امتحان پر ہوا، جس میں طہارت، نماز کے احکام اور روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے اہم مسائل جیسے موضوعات شامل تھے۔
شعبہ دینی امور روضہ مبارک کے عملے کی مذہبی اور فکری سطح کو بڑھانے کے لیے ان کورسز کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔





