روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) سے وابستہ الکفیل نرسری گروپ نے حرم مطہر کے داخلی راستوں، گرد و نواح اور ملحقہ سڑکوں کی تزئین و آرائش کے لیے 2600 سے زائد پودے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گروپ کے سربراہ سید محمد حربی نے اس حوالے سے بتایا کہ ہمارے شعبہ سے منسلک تزئین و آرائش یونٹ کا عملہ روضہ مبارک کے صحنِ اطہر، راہداریوں، گرد و نواح اور حرم مطہر کی جانب آنے والے تمام داخلی راستوں کو آرائشی پودوں اور پھولوں سے سجانے میں مصروف ہے۔۔ اس کے علاوہ روضہ مبارک کی دیگرسائٹس اور مختلف شعبوں کے دفاتر سمیت کربلا اور کربلا سے باہر منعقد ہونے والی تقریبات، کانفرنسز اور سیمینارز کے لئے مخصوص ہالز اور سٹیجز کو بھی سجایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حرمِ مطہر کے صحنِ اقدس، ابواب اور گرد و نواح سمیت دیگر ملحقہ مقامات کی خوبصورتی کے لیے مختص کیے گئے پودوں کی تعداد 2600 سےزائد ہے، جن میں 20 سے زائد منفرد اقسام کے پودے شامل ہیں۔تزئین و آرائش کے اس عمل میں انڈور (سایہ دار)، آؤٹ ڈور اور موسمی پودوں کی وسیع ورائٹی استعمال کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اپنی بات کے اختتام پر کہا کہ تمام مقامات پر پودوں کی دیکھ بھال، تراش خراش اور تنظیم کا کام روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ تجربہ کار زرعی ماہرین (ایگریکلچر انجینئرز) کی نگرانی میں کیا جاتا ہے۔روضہ مبارک کے اندر اور باہر مختلف مقامات پر ان پودوں کے لگانے کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور زائرین کے لیے ایک خوبصورت اور پرکشش منظر پیش کرنا ہے۔









