روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے لبنان کے بے گھر ہونے والے شہریوں کی مدد اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کارروائیاں اور مختلف خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
روضہ مبارک سے وابستہ 'اسلامک سینٹر فار اسٹریٹجک اسٹڈیز' (لبنان برانچ) کے ڈائریکٹر اور ریلیف مہم کے منتظمین میں شامل شیخ حسن احمد الہادی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لبنان میں روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی خدمات صرف 'مرکزی کچن' تک محدود نہیں ہیں، بلکہ جنگ کے اس کٹھن دور میں ریلیف سروسز اور اقدامات کا ایک وسیع دائرہ کار تشکیل دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور موجودہ حالات میں ان کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں متعدد امدادی مراکز کو ضروری سامان فراہم کرنا، جن میں واشنگ مشین، گیس سلنڈر اور ایندھن کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم میں جنوبی لبنان اور بعلبک کے بعض علاقوں میں موجود شہریوں اور بے گھر ہونے والے افراد کی براہ راست مالی معاونت بھی کی جا رہی ہے۔ امدادی سامان اور رقوم کی تقسیم کا عمل درج ذیل علاقوں میں مقامی اداروں اور مذہبی شخصیات کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے:
صور، غازیہ، نبطیہ اور حبوش۔
زحلہ، بعلبک کے مضافات اور ہرمل۔
اقلیم الخروب اور اس کے گردونواح کے دیہات۔
یہ امدادی مہم ان ریلیف پروگراموں کا تسلسل ہے جو روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کی جانب سے اعلیٰ دینی قیادت کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد جنگ کی ہولناکیوں سے نبرد آزما لبنانی عوام کی مدد کرنا اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو تمام تر بنیادی ضروریاتِ زندگی فراہم کر کے ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔




