حضرت عباس علیہ السلام کی قبر اقدس پہ نئی ضریح کی تنصیب کے تمہیدی مرحلے میں پرانی ضریح کو اٹھانے کے لیے اس کے اجزاء کو کھولنے کا کام جاری ہے اس سلسلہ میں اب تک ضریح کے بالائی حصوں کو کھول کر جدا کر لیا گیا ہے کہ جن میں سونے اور چاندی سے بنی چھت، اس پہ موجود گلدان، قرآنی آیات اور اشعار پر مشتمل پٹی اور افریز سمیت تمام بالائی حصے شامل ہیں۔شبا القديم
روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی ضریح ساز ورکشاپ میں کام کرنے والے جس عملے نے نئی ضریح تیار کی ہے اسی عملے کو پرانی ضریح کے اجزاء کو کھولنے اور نئی ضریح کو نصب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قمربنی ہاشم علمدارِ وفا حضرت عباس علیہ السلام کی پرانی ضریح کو آیت اللہ العظمیٰ سید محسن حکیم(قدس سرہ) کے حکم پر بنایا گیا یہ پرانی ضریح ایران کے شہر اصفہان میں دو سال کے عرصے میں تیار ہوئی اور 21نومبر 1965ء کو یہ ضریح کربلا پہنچی اور 12رمضان 1385ہجری 2جنوری1966ء کو اس ضریح کو قبر مبارک پر نصب کرنے کا کام مکمل ہوا اور 15رمضان 1385ہجری بروز منگل 6جنوری1966 کو آیت اللہ العظمیٰ سید محسن حکیم(قدس سرہ) کربلا آئے اور انہوں نے ضریح سے پردہ ہٹا کر اس کا افتتاح کیا۔
اس پرانی ضریح کو بنانے کے لیے /2000کلو گرام چاندی اور 40کلو گرام سونا استعمال کیا گیا۔ اس ضریح کو ماہر ترین افراد نے نہایت عقیدت و احترم اور مکمل فنی مہارت کے ساتھ بنایا۔ مختلف حرموں میں موجود ضریحوں کی نسبت یہ ضریح دیکھنے میں سب سے زیادہ خوبصورت ہے۔ ضریح کے اوپر والے چاروں کونوں پر سونے کے خوبصورت گلدان بنے ہوئے ہیں اور قدم مبارک کی جانب دائیں طرف چار چھوٹے گلدان بنے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان میں سونے کا ہاتھ بنا ہوا ہے کہ جو حضرت عباس علیہ السلام کے کٹنے والے ہاتھوں کی یاد کو زندہ کرتا ہے۔ سر مبارک کی طرف بائیں جانب پانچ چھوٹے سونے کے گلدان بنے ہوئے ہیں اور چھت کی جانب شمالی اور جنوبی طرف چار چار سونے کے چھوٹے گلدان بنے ہوئے ہیں۔ پرانی ضریح کی اونچائی 4.25میٹر،چوڑائی 4.15میٹر اور لمبائی 5.45میٹر ہے ضریح کے اوپر تین طرف خوبصورت انداز میں آیاتِ قرآنی اور اشعار لکھے ہوئے ہیں دو طرف تو قرآنی آیات ہیں اور ایک طرف مرحوم سید محمد جمال ہاشمی کے اشعار لکھے ہوئے ہیں۔