عراق میں موجود تمام مقدس روضوں کی طرف سے جشن امیر المومنین(ع) میں شرکت کے عزم کا اظہار.....

سید الموحدین امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے پُر مسرت موقع پہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہندوستان کے شہر بنگلور میں چوتھا سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام منعقد ہو رہا ہے (14–17 رجب 1437هـ) بمطابق(22-25 اپریل 2016ء) تک اس جشن کی تقریبات حسینیہ و امام بارگاہ ابو الفضل العباس(ع) میں اس شعار کے تحت جاری رہیں گی:

امام علی(ع) ہی رسول خدا(ص) کے علم کے امانتدار اور آپ(ص) کی دانائی و حکمت کا دروازہ ہیں۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے عراق میں موجود تمام مقدس روضوں کو اس جشن میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ طور پر حضرت عباس علیہ السلام کے خدام نے روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) میں جا کر ان کے اداری سربراہان کو جشن میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔

روضہ مبارک امام علی(ع) کے سیکرٹری جنرل سید نزار حبل المتین کی طرف سے جناب احمد جواہری نے دعوت نامہ وصول کیا اور اس جشن کو افکار اہل بیت علیھم السلام کی نشرو اشاعت کا بہترین ذریعہ قرار دیا۔

روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے سیکرٹری جنرل سید جعفر موسوی نے دعوت نامہ کو وصول کرتے ہوئے جشن میں شرکت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس جشن کے انعقاد پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کو مبارک باد پیش کی۔

روضہ مبارک حضرت امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جمال دباغ نے جشن میں شرکت کا دعوت نامہ وصول کیا اور کہا کہ عتبہ الکاظمیہ ہمیشہ سے اس جشن کا سفیر ہے اور گزشتہ سالوں میں اس جشن کی ہندوستانی مومنین کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ بھی روضہ مبارک کا ادارہ اس جشن میں شرکت کرے گا۔ ڈاکٹر دباغ نے اپنی گفتگو میں اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کے تسلسل پہ بھی زور دیا۔

اس جشن میں شرکت اور جشن کی تقریبات کو نشر کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے کربلا ٹی وی کو بھی دعوت دی ہے کربلا ٹی وی کے منیجر حیدر جلو خان نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور اس جشن میں شرکت اور اس کی تقریبات کو نشر کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: