حضرت عباس علیہ السلام کی والدہ ماجدہ کا اصل نام فاطمہ(س) ہے اور جب ان کی شادی حضرت علی علیہ السلام سے ہوئی تو انہوں نے حضرت امیر المومنین علیہ السلام سے درخواست کی کہ انہیں فاطمہ کے نام سے نہ پکارا جائے کیونکہ جب بھی انہیں ان کے اصلی نام سے پکارا جائے گا تو حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کے بچوں کو ان کی والدہ یاد آئیں گی اور وہ کسی بھی صورت میں رسول خدا(ص) کی اولاد کو دکھی نہیں کرنا چاہتیں۔
حضرت علی علیہ السلام نے ان کی اس درخواست پہ انہیں ام البنین (یعنی بیٹوں کی ماں) کا لقب دیا اور انہیں ہمیشہ اسی لقب سے ہی پکارا اور تاریخ نے بھی ان کو نام کی بجائے اسی لقب سے ہی یاد کیا۔ بعد میں اللہ تعالیٰ نے جناب ام البنین کو چار بیٹے عطا کیے اور وہ حضرت علی علیہ السلام کے عطا کردہ نام کی حقیقی تصویر بن گئیں۔