اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ہفتہ ثقافت کی اختتامی تقریب۔۔۔۔۔

بروز اتوار 24 جمادي الثاني 1437 هـ بمطابق 4اپریل 2016ء کو روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے تعاون سے منعقد ہونے والے ہفتہ ثقافت کی اختتامی تقریب جامعہ کوثر میں منعقد ہوئی۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفد کے سربراہ علامہ شیخ صلاح کربلائی کی امامت میں نماز مغربین جامعہ کوثر کے صحن میں ادا کی گئی اور نماز مغربین کے فورا بعد ہفتہ ثقافت کی اختتامی قریب کا آغاز روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کے مؤذن قاری ھمام کاظمی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا کہ جس کے بعد جامعہ کوثر کے پرنسپل علامہ شیخ انور محسن نجفی نے خطاب کیا اور اس ہفتہ ثقافت کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

اس کے بعد اعلی دینی مرجعیت کے نمائندے اور جامعہ کوثر کے منتظم اعلیٰ علامہ شیخ محسن علی نجفی صاحب(دام عزہ) نے خطاب کیا اور اپنے خطاب کے دوران کہا کہ عراق میں موجود مقدس روضوں نے اس تیسرے سالانہ ہفتہ ثقافت کے انعقاد کے ذریعے سے جو کچھ ہمیں عطا کیا ہے اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہے۔وہ تمام افراد جو عراق سے یہاں تشریف لائے ہم ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المھدی کربلائی(دام عزہ) اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ) تک اپنے سلام پہنچانے کا انہیں ذریعہ قرار دیتے ہیں۔

آخری خطاب روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے ڈپٹی سیکرٹری سید افضل شامی کا تھا کہ جنہوں نے عراق میں موجود تمام مقدس روضوں، دیوان وقف شیعی کی نمائندگی میں خطاب کیا اور اس پروگرام کے منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا خطاب کے دوران سید افضل شامی نے تمام مسلمانوں کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ اطمینان کی نیند سو سکتے ہیں کیونکہ عراقی عوام کی قربانیوں اور دینی قیادت کے فتوی نے تمام مقدس مقامات کو محفوظ بنا دیا ہے اور آپ سب سے داعش کو دور بھگا دیا ہے۔

اختتامی تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے ۵۰ خوش قسمت افراد کے ناموں کا اعلان کیا گیا کہ جنہیں عراق کے مقدس مقامات کی زیارت مقدس روضوں کی طرف سے کروائی جائے گی۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: