اہم ترین ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سرگرم عمل روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کا دینی امور کا سیکشن.....

روضہ مبارک کے اس سیکشن کے ذمہ اس مشن کا ایک اہم ترین جزء ہے کہ جس کی خاطر حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے بھائی حضرت عباس علیہ السلام نے کربلا میں جامِ شہادت نوش کیا اور وہ عمل امت کی اصلاح ہے یہ سیکشن اس عمل کو مندجہ ذیل طریقوں سے سر انجام دیتا ہے

یہ سیکشن زائرین اور حرم کے عملے کے لیے اخلاقی، فقہی اور عقائدی دروس کا انعقاد کرتا ہے اور مجالس عزاء اور محافل منعقد کرتا ہے۔

زائرین کی طرف سے مختلف موضوعات پر پوچھے گئے فقہی و عقایدی سوالات کے جواب دیتا ہے۔

شریعت کے مطابق لوگوں کے درمیان ہونے والے اختلافات کا فیصلہ کرتا ہے۔

شرعی عقود اور ایقاعات کو جاری کرتا ہے۔

روضہ مبارک سے متعلق تاریخی اور اجتماعی سوالات کے جواب دیتا ہے۔

مختلف مناسبات پر قرآنی محافل کا انعقاد کرتا ہے۔

حج کے متعلق کلاسوں کا قیام کرتا ہے۔

یہ سیکشن اپنی ذمہ داریوں کو مندرجہ ذیل شعبوں کے ذریعے ادا کرتا ہے

1: شرعی سوالات کے جوابات کا شعبہ

2:دینی تبلیغ کا شعبہ

3:اجتماعی امور کا شعبہ

4:گم شدہ اشیاء کا شعبہ

5:اداری شعبہ

6:مرکز الکفیل

مذہبی و دینی امور کاسیکشن ۔۔۔۔۔۔شرعی سولات کے جوابات کا شعبہ

یہ شعبہ زائرین کی طرف سے کیے جانے والے تما م شرعی سوالات کے جواب دیتا ہے تاکہ مؤمنین شرعی احکام سے ناواقفیت کی وجہ سے کسی شرعی مشکل میں گرفتار نہ ہوں۔ چونکہ اس شعبہ سے استفادہ کرنے والے زائرین کا اس شعبہ میں رش رہتا ہے اور بعض اوقات کچھ زائرین دوسرے افراد کی موجودگی میں سوالات کرنے میں شرم محسوس کرتے ہیں لہٰذا اس صورت حال کو حل کرنے کے لیے روضہ مبارک کی طرف سے بین الحرمین میں اس شعبے کی طرف سے ٹیلی فون بوتھ لگے ہوئے ہیں جن کے ذریعے زائر بغیر کسی جھجک اور شرم کے اپنے شرعی سوال کا جواب حاصل کر سکتا ہے اور اسی طرح خواتین کے لیے اس شعبے میں ایک الگ یونٹ ہے کہ جہاں پر خواتین کا عملہ شرعی سوالات کے جوابات دینے کے لیے موجود ہے۔

اگر اس شعبے سے کوئی ایسا سوال پوچھا جاتا ہے جس کا جواب اس شعبے کے افراد کو معلوم نہیں ہے تو فوراً یہ شعبہ نجف اشرف میں موجود مراجع عظام کے دفاتر سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتا ہے اور دفتر سے جواب لے کر زائر کو بتا دیتا ہے اور مختلف مناسبات پر جب زیارت کے لیے آنے والے افراد کا بہت زیادہ رش ہو تو خصوصی طور پر یہ شعبہ ایک کمیٹی تشکیل دیتا ہے کہ جس کے ارکان صحن شریف میں مختلف جگہ پر بیٹھ کر زائرین کو ان کی شرعی ذمہ داری سے آگاہ کرتے ہیں اور ان کے شرعی سوالات کے جواب دیتے ہیں۔

مذہبی و دینی امور کاسیکشن ۔۔۔۔۔۔ دینی تبلیغ کا شعبہ

یہ شعبہ مندرجہ ذیل امور کو بھی سر انجام دیتا ہے ۔

1:ہر روز عصر کے وقت صحن شریف میں وعظ و نصیحت اور فضائل و مصائب پر مشتمل مجلس عزا کا انعقاد کرتا ہے۔

2: مساجد اور امام باڑوں وغیرہ کے وقف نامے کی خطی نسخہ کے ذریعے توثیق و تصدیق کرتاہے تا کہ ان کے حقوق کو محفوظ رکھا جا سکے ۔

3: ہر روز نماز عشاء کے بعد ایک ماہر قاری کے زیرنگرانی محفل قرآن کا انعقاد کرتا ہے۔

4:روضہ مبارک میں تین وقت نماز با جماعت کا اہتمام کرتا ہے۔

5: مختلف مجالس، محافل اور پروگراموں میں شرکت کرتا ہے چاہے یہ پروگرام حرم میں ہوں یا حرم سے باہر کسی دوسری جگہ۔

6:روضہ مبارک میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے فقہی کلاسوں کا انعقاد کرتا ہے اور حج اور عمرہ کے لیے جانے والے افراد کے لیے بھی خصوصی کلاسوں کا انتظام کرتا ہے۔

مذہبی و دینی امور کا سیکشن ۔۔۔۔۔۔ اجتماعی امور کا شعبہ:

اس شعبہ کے تین یونٹ ہیں

1:عقود و ایقاعات کا یونٹ : اس یونٹ میں شرعی قواعدو ضوابط کے مطابق بغیر کسی فیس کے نکاح پڑھا جاتا ہے اور روضہ مبارک کی طرف سے نکاح کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جاتا ہے اور اس نکاح کا اس یونٹ میں اندراج بھی کیا جاتا ہے اور نئے جوڑے کو نکاح سے پہلے ان کی ذمہ داریوں وغیرہ سے آگاہ کیاجاتا ہے اور انہیں ازدواجی زندگی کے فرائض سے متعلق ایک کتاب بھی دی جاتی ہے کہ جس کو خاص طور پر اسی غرض سے چھپوایا گیا ہے۔

اسی طرح اس یونٹ کی ذمہ داریوں میں سے ایک نزاعات اور جھگڑوں کو دونوں فریقوں کے درمیان صلح صفائی کے ذریعے حل کرنا بھی ہے اس سلسلہ میں دونوں فریقوں کے بیانات کو تفصیل کے ساتھ سنا جاتا ہے اور ضرورت پڑنے پر مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اس یونٹ کا کوئی فرد ان کے گھر بھی جاتا ہے۔ خاص طور پر عائلی اور گھریلو جھگڑوں کے حل کے لیے اکثر اوقات دونوں فریق یونٹ سے اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسی طرح یہ یونٹ شرعی قواعد و ضوابط کے مطابق طلاق بھی جاری کرتا ہے لیکن طلاق صرف اس صورت میں جاری کی جاتی ہے کہ جب اس یونٹ کا عملہ ہر ممکن طریقے سے دونوں کے درمیان صلح کروانے میں ناکام ہو جائے۔ جب اس قسم کاکوئی معاملہ اس یونٹ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے تو یونٹ کا عملہ ہر ممکن طریقے سے وعظ و نصیحت کرتا ہے ان کو طلاق کے شریعت میں مکروہ ہونے اور طلاق کے بعد پیش آنے والے معاشرتی مسائل ومشکلات سے ڈراتا ہے اور انہیں صلح و صفائی کے لیے حد الامکان لمبی مدت کی مہلت بھی دیتا ہے اور اگر صلح کروانے کے لیے کسی دوسرے شخص کی مدد کی ضرورت پیش آئے تو اس سے بھی مدد حاصل کرتا ہے لیکن اگر تمام تر کوششوں کے باوجود کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلے تو آخر میں طلاق کا صیغہ جاری کر دیتا ہے اور اس کا سرٹیفکیٹ دونوں کو دے کر اپنے پاس اس کا اندراج کر لیتا ہے۔

2:مالی امداد کا یونٹ: یہ یونٹ مستحق افراد کی مالی مدد بھی کرتا ہے اور اس کا م کے لیے تحقیق کے بعد مستحق افراد کی لسٹ مختلف رفاہی تنظیموں کو دیتا ہے کہ جو ان افراد کی مالی مدد کرتی ہیں اسی طرح عراق میں موجود بعض علاقوں میں دہشت گردی کی وجہ سے ان علاقوں سے ہجرت کرکے پرامن علاقوں میں آنے والے مستحق افراد کی بھی یہ یونٹ مذکورہ طریقہ کے مطابق مالی مدد کرتا ہے۔

3:حلف و یمین کا یونٹ: یہ یونٹ خاندانی اور گھریلو جھگڑوں اور دوسرے اختلافات کو دونوں فریقوں کے درمیان صلح و رضامندی کے ذریعے یا پھر حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک میں شرعی طریقہ سے قسم و حلف کے ذریعے حل کرتا ہے اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک میں قسم کھانااور اس کے سامنے نتائج کا سامنے آنا کسی بھی دوسری جگہ پہ قسم کھانے سے مختلف ہے اور مومنین اس بات کو با خوبی جانتے ہیں۔

حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک میں قسم و حلف کے ذریعے مسائل و جھگڑوں کو حل کرنے کے لیے عراق کے تمام علاقوں خاص طور پر فرات اوسط اور جنوبی علاقوں کے افراد آتے ہیں اسی طرح بیرون ملک سے بھی بہت سے افراد اس مقصد کے لیے یہاں آتے ہیں پس لوگوں کے اصرار اور اس مسئلہ کو شرعی قواعد و ضوابط کے تحت انجام دینے کے لیے اس یونٹ کو کھولا گیا ہے تا کہ ہر ممکن طریقہ سے مومنین کی جان ومال اور عزت کی حفاظت کی جا سکے اور اسے ان اداروں میں دھکے کھانے سے بچایا جاسکے کہ جن کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں ہے مومنین کی سہولت کی خاطر اس یونٹ میں تمام شرعی وقانونی تقاضوں کو مہیا کیا گیا ہے اور پوری جانچ پڑتال کے بعد یونٹ کی طرف سے معین کردہ افراد کے سامنے قسم لی جاتی ہے اور قسم کے ذریعے سے اس مسئلہ کا حل ہو جاتا ہے اور روضہ مبارک کے اس یونٹ کی طرف سے اس سلسلہ میں ایک سرٹیفکیٹ بھی جاری کی جاتی ہے کہ جس کو مرجعیت کی توثیق حاصل ہے۔

مذہبی و دینی امور کاسیکشن ۔۔۔۔۔۔ گم شدہ اشیاء کا شعبہ:

زائرین کے قیمتی سامان اور نقدی وغیرہ کی حفاظت اورملنے والے گمشدہ سامان کے لیے یہ شعبہ مندرجہ امور کو سر انجام دیتا ہے

1: یہ شعبہ روضہ مبارک میں یا اس کے ارد گرد ملنے والی اشیاء کو حرم کے عملے یا زائرین سے وصول کرتا ہے اور اس پر شرعی قواعدو ضوبط کے مطابق کوئی نشانی اور اس کے ملنے کی تاریخ بمع سال کے درج کرتا ہے۔ یہ ملنے والی اشیاء اکثر طور پر نقدی اموال ،بیگ ،سونے چاندی کے زیورات اور مختلف رسمی یا غیر رسمی کاغذات اور سندیں وغیرہ ہوتی ہیں لہٰذا ان اشیاء میں سے ہر ایک کے لیے الگ رجسٹر ہے کہ جس میں اس کے بارے میں معلومات کو درج کیا جاتا ہے اور جب کوئی شخص کسی ملنے والی چیز کے مالک ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو اس سے گمنے کی تاریخ اور نشانیوں وغیرہ کے پوچھنے کے بعد وہ چیز اس کے حوالے کر دی جاتی ہے اور اسی طرح جو اشیاء ملتی ہیں ان کے بارے میں روضہ مبارک کی طرف سے چھپنے والے اخبار صدی الروضتین ،روضہ مبارک کے شعبہ نشرو اشاعت کی طرف چھپنے والے رسالوں ،روضہ مبارک کی ویب سائٹ ،کربلا کے ٹیلی ویثرن اور بعض دوسرے ٹیلی ویثرن اسٹیشن میں اعلان کروایا جاتا ہے جس کے ذریعے اکثر و بیشتر ان اشیاء کا مالک مل جاتا ہے لیکن اگر ایک سال تک کوئی مالک ہونے کا دعویٰ نہ کرے تو اس چیز کو شرعی ضوابط کے تحت خاص مصرف میں لایا جاتا ہے۔ اور جو کاغذات مثلا شناختی کارڈ ،پاسپورٹ اور مختلف سندیں اور سرٹیفکیت وغیرہ ایک سال تک پڑے رہ جائیں ان کو اس ادارے کے سپرد کر دیا جاتا ہے کہ جہاں سے یہ بنے ہیں۔

2 :یہ شعبہ روضہ مبارک میں آنے والے زائرین کی نقدی وغیرنقدی قیمتی اشیاء اور زیورات وغیرہ کو بھی اپنے پاس امانت کے طور پر رکھتا ہے اور جب زائرین زیارت وغیرہ سے فارغ ہو جاتے ہیں تو وہ اپنی قیمتی اشیاء کو ان سے واپس لے لیتے ہیں۔ امانات والے شعبے میں اس طرح کی قیمتی اشیاء کو امانت کے طور پر وصول نہیں کیا جاتا لہٰذا جو زائرین اپنی اس قسم کی قیمتی اشیاء کو امانت کے طور پر رکھوانا چاہیں وہ اس شعبے سے رابطہ کریں۔

3:روضہ مبارک سے باہر موجود امانات کے شعبے میں رکھی گئی امانتوں کے مالک اگر انہیں لینے کے لیے نہ آئیں تو ان اشیاء کو بھی اسی شعبے کے حوالے کر دیا جاتا ہے اور انہیں ان کے لیے بنے ہوئے اسٹور میں محفوظ کر لیا جاتا ہے۔

مذہبی و دینی امور کاسیکشن ۔۔۔۔۔۔ مرکز الکفیل کا شعبہ

اس شعبہ کی ذمہ داری حرم کے سرمایہ کاری کے گوشت سے متعلق خریدوفروخت کے شعبوں کی نگرانی کی ذمہ داری ادا کرتا ہے اور پوری دنیا میں موجود الکفیل کے گوشت والے مراکز میں اس شعبہ کے ارکان کی موجودگی اور نگرانی میں پرندوں اور جانوروں کو شرعی طریقہ سے ذبح کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں تک 100 فیصد حلال گوشت سستے داموں پہنچ سکے۔

مذہبی و دینی امور کاسیکشن ۔۔۔۔۔۔ اداری امور کا شعبہ

اس شعبہ کی ذمہ داری سیکشن کے تمام امور کو مرتب کرنا اور اس سیکشن میں کام کرنے والے سینکڑوں کی تعداد میں علماء کرام اور متعلقہ افراد کو ان کی ذمہ داریاں سونپنا اور سیکشن کے کاموں کی نگرانی کرنا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: