بنگلور میں چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین(ع) کی تقریبات کا آغاز.....

سيد الموحدين وأمير المؤمنين علي أبن أبي طالب عليه السلام کے جشن میلاد کی مناسبت سے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہندوستان کے شہر بنگلور میں چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے کہ جو روضہ مبارک امام حسین(ع) اور روضہ مبارک امام موسی کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کی مشارکت سے چار دن تک اس عنوان کے تحت جاری رہے گا: ’’امام علی(ع) ہی رسول خدا(ص) کے علم کے امانتدار اور آپ(ص) کی حکمت و دانائی کا دروازہ ہیں‘‘۔

مسجد عسکری(ع) میں منعقد ہونے والی جشن امیر المومنین(ع) کی افتتاحی تقریب میں عراق کے مقدس روضوں کے وفود کے علاوہ ہندوستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مومنین اور علمی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد عراق کے مقدس روضوں کی نیابت میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے دینی امور کے سیکشن سے تعلق رکھنے والے شیخ علی اسدی نے خطاب کیا اور حاضرین کو حضرت امیر المومنین علی بن ابی طالب علیہ السلام کے جشن میلاد پہ مبارک باد پیش کی اور عراق کے مقدس روضوں میں کام کرنے والے خدام کی طرف سے سلام اور نیک تمنائیں پہنچائیں۔

اس کے بعد دہلی میں قائم مؤسسۃ الصوفیۃ للسلام سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر حفیظ رحمن نے خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا: کہ حضرت علی علیہ السلام کی شخصیت مسلمانوں کے تمام مسالک اور مذاہب کے اہم ترین مشترکات کا حصہ ہے اور تمام مسالک کو یکجا کرنے کا ذریعہ ہے۔

اس کے بعد مؤسسۃ الھند للکل کی طرف سے سید کلب رشید نے خطاب کیا اور عراق کے مقدس حرموں کی ہندوستان میں آمد پہ انھیں خوش آمدید کہا اور مقدس حرموں کے خدام کی زیارت کو اپنے لیے شرف قرار دیا۔

آخر میں اعلیٰ دینی مرجعیت کے لکھنؤ میں نمائندے سید کلب صادق نے خطاب کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا ہندوستان میں ہر سال اس پروگرام کے انعقاد پہ شکریہ ادا کیا۔

افتتاحی تقریب میں متعدد افراد نے حضرت علی بن ابی طالب(ع) کی بارگاہ میں منظوم نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پہ مقدس روضوں کی طرف سے لگائی گئی کتابوں اور تصاویر کی نمائش کا افتتاح کیا گیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: