روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے بنگلور میں منعقد ہونے والے چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کی تقریبات کے ضمن میں بنگلور سے تعلق رکھنے والی سماجی اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی خواتین کارکنوں کی ایک کانفرنس منعقد ہوئی کہ جس میں روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام، روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم(ع) وامام محمد تقی(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے وفود نے خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد روضہ مبارک حضرت امام موسیٰ کاظم(ع) و امام محمد تقی(ع) کی نمائندگی میں شیخ قاسم کاظم نے خطاب کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک عورت کی بہت بلند منزلت ہے اسلام سے پہلے عورت کی کوئی حیثیت نہیں تھی لیکن اسلام نے عورت کو بہت ہی زیادہ مکرم اور محترم قرار دیاہے لہٰذا ہر عورت کے لیے ضروری ہے کہ وہ اللہ کی طرف سے عطا کردہ اس مقام و منزلت کی حفاظت کرے۔ تاریخ میں بہت سی ایسی خواتین کا ذکر موجود ہے کہ جنہوں نے اپنے علم اور عمل کی بدولت بہت زیادہ شہرت حاصل کی اور ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا اور ان خواتین میں سب سے بلند مرتبہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا اور ان کی بیٹی حضرت زینب سلام اللہ علیھا کو حاصل ہے۔
شیخ قاسم نے اپنی گفتگو میں حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا اور حضرت زینب سلام اللہ علیھا کی اسلام کی حفاظت کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور اپنے خطاب میں خواتین کے اسلام میں موجود حقوق کے پہ روشنی ڈالی۔