ہندوستان کے شہر بنگلور میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے منعقد ہونے والے چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کے دوسرے دن کی تقریبات کے ضمن میں جشن میں شریک روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے وفد کے سربراہ شیخ رافد حسین رویشد نے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ سوال کا جواب ان الفاظ میں دیا:
عراق میں موجود تمام مقامات مقدسہ ایک طویل عرصے تک طاغوتی حکومتوں کے ہاتھوں میں اسیر رہے اس طویل عرصے میں مقدس روضوں کی تعمیر و ترقی سے مکمل طور پر بے توجہی اختیار کی گئی اور انہیں ہر طرح کے ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا۔ اور جب صدامی و بعثی حکومت کا خاتمہ ہوا تو تمام مقدس روضے طویل عرصے کے بعد دینی مرجعیت کے زیر سایہ کام کرنے لگے۔
دینی قیادت نے مقدس روضوں کے اداروں کو دو اہم ترین ذمہ داریاں سونپیں:
اول: حرموں کی افقی اور عمودی توسیع و تعمیر تا کہ حرموں میں آنے والے زائرین کے لیے زیارت کا مناسب موحول میسر آسکے۔
دوم:فکری و ثقافتی امور کی انجام دہی تاکہ تمام انسانوں تک اہل بیت اطہار علیھم السلام اور اسلام کی حقیقی تعلیمات پہنچائی جا سکیں۔
اہل بیت علیھم السلام کی انسانیت نواز افکار اور انسانی ترقی و سعادت کی ضامن اہل بیت علیھم السلام کی تعلیمات کو پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے عراق میں موجود تمام مقدس روضے نا صرف عراق کے اندر بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ثقافتی پروگراموں کا سارا سال انعقاد کرتے ہیں اور ان پروگراموں میں اہم ترین حیثیت جشن امیر المومنین علیہ السلام کو بھی حاصل ہے کہ جو آپ کے ملک ہندوستان میں منعقد ہوتا ہے۔