جشن امیر المومنین(ع) کی ایک تقریب علی پور میں.....

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے منعقد ہونے والے چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کی تقریبات کے ضمن میں مقدس روضوں کے وفود نے بنگلور کے نواحی قصبے علی پور کا دورہ کیا کہ جہاں علی پور کے رہنے والوں نے وفد کا پُر جوش استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

مقدس روضوں کا وفد امام باڑہ و حسینیہ دارالزہراء(س) پہنچا تو وہاں ہزاروں کی تعداد میں مومنین وفد کے استقبال کے لیے پہلے سے جمع تھے جنہوں نے ایمانی نعروں درود و سلام اور عقیدت کی انتہاء کو چھونے والے جذبات کے ساتھ وفد کا پُر تپاک استقبال کیا۔

وفد نے وہاں موجود خواتین کے مدرسہ بیت الھدیٰ کا بھی دورہ کیا کہ جہاں پر روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام سے تعلق رکھنے والے سید مضر قزوینی نے طالبات سے خطاب کیا اور دین کی خدمت کے لیے انہیں جناب خدیجہ(س) کی سیرت پہ عمل کرنے اور دینی تعلیم کے حصول میں زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی نصیحت کی۔

مدرسہ کے دورہ کے بعد وفد نے مسجد میں نماز ادا کی اس کے بعد خطاب کے لیے وفد نے امام باڑہ میں لگائے گئے سٹیج کا رخ کیا۔

تقریب سے شہر کے امام جماعت اور مؤسسہ الجعفریہ للبلاغہ کے رکن سید علی رضا نے خطاب کرتے ہوئے مقدس روضوں کے وفود کی آمد پہ خوش آمدید کہا اور داعش اور دیگر دہشت گردوں سے بر سر پیکار ہونے کے باوجود بھی حرم کی طرف سے ہندوستان میں منعقد ہونے والے پروگراموں کو جاری رکھنے پہ شکریہ ادا کیا اور عراق سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے دعا کی۔

اس کے بعد مقدس روضوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ علی اسدی نے خطاب کیا اور کہا یہ ہمارے لیے باعث مسرت اور قابلِ فخر لمحہ ہے کہ ہم حضرت علی علیہ السلام کے چاہنے والے اور ان کی نھج پہ چلنے والے مومنین کے چہروں کی زیارت کر رہے ہیں شیخ علی اسدی نے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ)کا سلام اور نیک تمناؤں پہ مشتمل پیغام بھی حاضرین تک پہنچایا۔

اس کے بعد سید مضر نے خطاب کیا اور علی پور کے رہنے والوں کی طرف سے اس پُر جوش استقبال اور محبت کے نہ بھولنے والے اظہار پہ شکریہ ادا کیا۔

اس تقریب کے آخر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے گنبد پہ لہرانے والے عَلَموں کو برآمد کیا گیا کہ جن کی زیارت کرتے ہوئے لوگوں کے جذبات قابل دید تھے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: