بنگلور میں چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین(ع) کی اختتامی تقریب.....

’’امام علی(ع) ہی رسول خدا(ص) کے علم کے امانتدار اور آپ(ص) کی حکمت و دانائی کا دروازہ ہیں‘‘ کے عنوان سے بنگلور میں منعقد ہونے والے چوتھے سالانہ جشن امیر المومنین علیہ السلام کی اختتامی تقریب بروز سوموار(17رجب 1437هـ) بمطابق (25اپریل 2016ء) کو بنگلور کے مسجد و امام باڑہ عسکری(ع)میں منعقد ہوئی جس میں مومنین کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب کا آغاز روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے مؤذن اور عالمی شہرت یافتہ قاری الحاج اسامہ کربلائی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جس کے بعد بنگلور اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے علماء اور معروف شخصیات نے خطاب کیا جس میں حضرت امیر المومنین کے فضائل و مناقب بیان کیے گئے اور مقدس روضوں کی ہندوستان آمد اور اس جشن کے انعقاد پہ ان کا شکریہ ادا کیا۔

حیدر آباد میں واقع مسجد جامع مکہ کے خطیب مولانا حافظ عثمان نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:

رسول خدا(ص) نے حضرت علی(ع) سے مخصوص اتنی زیادہ احادیث کو بیان کیا ہے کہ جن کو نہ تو شمار کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ان کا احاطہ ممکن ہے رسول خدا(ص) نے حضرت علی(ع) کے لیے فرمایا: (من كنت مولاه فهذا عليّ مولاه)جس کا میں مولا و آقا ہوں اس کا یہ علی بھی مولا و آقا ہے۔ (أنا مدينة العلم وعليّ بابها) میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہے۔ رسول خدا(ص) نے جب بھی حضرت علی علیہ السلام کو کسی چیز سے مخصوص قرار دیا تو وہ کسی تعلق کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ آپ(ص) نے صرف اور صرف خدا کے حکم کے تحت مخصوص کیا۔

مولانا عثمان نے یہ بھی کہا:

امت اسلامیہ کو جن مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا اس کا سبب رسول خدا(ص) اور اہل بیت(ع) کے راستہ سے دوری تھی۔

اس کے بعد بالترتیب اعلیٰ دینی مرجعیت کے بمبئی میں نمائندے مولانا سید احمد عابدی اور مقدس روضوں کے وفد کے رکن مولانا شیخ علی اسدی نے خطاب کیا۔

تقریب میں جشن کے انعقاد کے حوالے سے تعاون کرنے والے افراد اور جشن کی انتظامیہ کمیٹی کے ارکان میں اعزازی سندیں اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے اور اسی طرح مقدس روضوں کی طرف سے عراق کے مقامات مقدسہ کی زیارت کا شرف حاصل کرنے والے افراد کی تعیین کے لیے قرعہ اندازی بھی کی گئی جس میں6 خواتین اور 6 مردوں کا انتخاب قرعہ اندازی سے ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہندوستان میں بھر پور طریقے سے جشن امیر المومنین(ع) بنگلور میں منایا گیا اور اس میں روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام اور روضہ مبارک امام موسیٰ کاظم علیہ السلام و امام محمد تقی علیہ السلام کے وفود نے خصوصی شرکت کی اور مقدس تحائف اور فکری منشورات کو مومنین میں تقسیم کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: