بارھویں سالانہ کتابی نمائش معرض کربلا کی اختتامی تقریب.....

بروز ہفتہ 6 شعبان 1437هـ بمطابق 14مئی 2016ء کو روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام میں بارھویں سالانہ کتابی نمائش معرض کربلا الدولی للکتاب کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی کہ جس میں نمائش میں شامل تمام کتابی اداروں اور متعدد سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی نمائندگی کرتے ہوئے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے فکرو ثقافت سیکشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر سیدعقیل عبد الحسین یاسری نے خطاب کیا اور اس نمائش میں شرکت کرنے والے تمام اداروں اور ناشرین کا شکریہ ادا کیا اور اس نمائش کو تمام کتابی اداروں کے اجتماع کا پُر سعید موقع قرار دیا۔

اس کے بعد بالترتیب نمائش کی انتظامیہ کے سربراہ سید میسر اکرم حکیم،عرب ممالک سے آئے ہوئے ناشرین کی نمائندگی کرتے ہوئے اردن سے تعلق رکھنے والے صلاح التلاوی اور مصر سے تعلق رکھنے والے محمد مھدی نے خطاب کیا اور اس نمائش کے اغراض و مقاصد اور افادیت پہ روشنی ڈالی۔

تقریب کے اختتام پہ نمائش میں حصہ لینے والے تمام ناشرین کو تحائف اور اعزازی سندیں پیش کی گئیں۔

یاد رہے کہ نمائش کے لیے (3250) مربع میٹر رقبہ پہ خیمہ نما ہال نصب کیا گیا ہے جس میں سینکڑوں کاؤنٹر لگائے گئے ہیں کہ جہاں نمائش میں شریک ناشرین اور کتابی ادارے اپنے اپنے سٹال لگائے ہوئے ہیں کہ جن کی تعداد 236سے زیادہ ہے ان میں زیادہ تر غیر ملکی اداروں کا تعلق لبنان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، سوريا، مراکش، كويت، سعودی عرب، إيران، برطانيہ، سپین، كینیڈا اور اٹلی سے ہے۔

واضح رہے کہ معرض کربلا الدولی للکتاب نامی یہ نمائش حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے ہر سال منعقد ہونے والے ربیع الشھادۃ ثقافتی جشن کی تقریبات کا اہم حصہ ہے یہ جشن گزشتہ بارہ سال سے حضرت امام حسین علیہ السلام ،حضرت عباس علیہ السلام اور حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے جشن میلاد کی مناسبت سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: