روضہ مبارک حضرت عباس(ع) نے نیمہ شعبان پہ آنے والے لاکھوں زائرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں.....

حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے جشن میلاد کے موقع پر عراق اور دنیا کے دیگر ممالک میں رہنے والے مومنین کی بہت بڑی تعداد ہر سال کربلا آتی ہے اور حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت کا شرف حاصل کرتی ہے اور انہیں اس پُر مسرت مناسبت پہ مبارک باد پیش کرتی ہے۔

اعداد و شمار کے حوالے سے چہلم امام حسین علیہ السلام کے بعد کربلا میں سب سے بڑا زائرین کا اجتماع نیمہ شعبان کے موقع پہ ہوتا ہے اور دسیوں لاکھ مومنین اس موقع پر کربلا کے مقدس مقامات اور خاص طور پر امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت کرتے ہیں۔

لاکھوں زائرین کے استقبال اور انہیں ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے اور ان کے لیے عبادت و زیارت کا ماحول فراہم کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام نے پہلے سے ہی اپنی تیاریاں مکمل کر لی تھیں اس سلسلہ میں نا صرف حرم اور اس کے گردونواح کے علاقوں بلکہ کربلا آنے والے تمام راستوں میں بھی زائرین کے کھانے پینے اور آرام کرنے کے لیے بڑے پیمانے پہ انتظامات کیے گئے ہیں۔

پندرہ شعبان کی رات اور دن میں عبادت کرنے کے لیے حرم اور اس سے ملحقہ تمام حصوں میں قالین بچھائے گئے ہیں اور وہاں قرآن مجید اور دعاؤں کی کتابوں کی بہت بڑی مقدار رکھ دی گئی ہے۔

امن و امان کے حوالے سے حرم کے سیکورٹی سیکشن نے بھی حکومتی انتظامیہ اور فوج کے ساتھ مل کر سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے ہیں۔

یاد رہے کہ پندرہ شعبان کی رات بڑی بابرکت رات ہے، امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ امام محمد باقر علیہ السلام سے نیمہ شعبان کی رات کی فضیلت کے بارے میں پوچھا گیا تو فرمایا: یہ رات شب قدر کے علاوہ تمام راتوں سے افضل ہے۔ پس اس رات تقرب الٰہی حاصل کرنے کی کوشش کرنا چاہیئے۔ اس رات خدا تعالیٰ اپنے بندوں پر فضل و کرم فرماتا ہے اور ان کے گناہ معاف کرتا ہے حق تعالیٰ نے اپنی ذاتِ مقدس کی قسم کھائی ہے کہ اس رات وہ کسی سائل کو خالی نہ لوٹائے گا سوائے اس کے جو معصیت و نافرمانی سے متعلق سوال کرے۔ خدا نے یہ رات ہمارے لیے خاص کی ہے۔ جیسے شب قدر کو رسول اکرم(ص) کے لیے مخصوص فرمایا۔ پس اس شب میں زیادہ سے زیادہ حمد و ثناء الٰہی کرنا اس سے دعا و مناجات میں مصروف رہنا چاہیئے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: