ماہ شعبان کے  آخری دنوں میں روزہ رکھنے کی فضیلت.....

روزہ رکھنے کے بہت سے جسمانی اور روحانی فائدے ہیں میڈیکل کی دنیا میں ہونے والی جدید تحقیقات سے روزے کے بہت زیادہ جسمانی فوائد سامنے آئے ہیں کہ جنہیں روزے کے بغیر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ جسمانی فوائد کے علاوہ روحانی اور معنوی طور پر بھی روزہ اپنے اندر بہت سے فوائد سموئے ہوئے ہے اور اسی سبب سے اسلام نے سال میں جہاں ایک پورا مہینہ روزہ رکھنا فرض کیا ہے وہاں سال کے دیگر ایام میں بھی روزہ رکھنے کی بہت تاکید کی ہے روایات میں جن ایام میں روزہ رکھنے کی فضیلت بیان کی گئی ہے ان میں ماہ شعبان کے آخری ایام بھی شامل ہیں۔

امام علی رضا(ع) سے منقول ہے کہ جو شخص شعبان کے آخری تین دن روزہ رکھ کر ماہ رمضان کے روزوں سے متصل کردے تو حق تعالیٰ اس کے نامہ اعمال میں ساٹھ متصل روزوں کا ثواب لکھے گا۔ ابوصلت ہروی سے روایت ہے کہ میں شعبان کے آخری جمعہ کو امام علی رضا(ع) کی خدمت میں حاضر ہوا تو حضرت(ع) نے مجھ سے فرمایا: اے ابوصلت شعبان کا زیادہ حصہ گزرگیا ہے اور آج اس کا آخری جمعہ ہے۔ لہٰذا اس کے گزشتہ دنوں میں تجھ سے جو کوتاہیاں ہوئی ہیں اس کے باقی آنے والے دنوں میں تجھے ان کی تلافی کرلینا چاہیئے اور تمہیں وہ عمل اختیار کرنا چاہیئے جو تمہارے لیے مفید ہو، تمہیں تلاوتِ قرآن اور بہت زیادہ دعا وا ستغفار کرنا چاہیئے نیز خدا کی بارگاہ میں اپنے گناہوں پر توبہ کرو تا کہ جب ماہ مبارک رمضان آئے تو اس وقت تک تم نے خود کو اپنے رب کے لیے خالص کرلیا ہو۔ اپنے ذمہ کسی کا کوئی حق نہ رہنے دو مگر یہ کہ اسے ادا کردو، اپنے دل میں کسی کے لیے بغض و کینہ نہ رکھو۔ اگر کوئی گناہ کرتے رہے ہو تو اسے ترک کردو، خدا سے ڈرو اور ظاہر و باطن میں اسی پر بھروسہ رکھو کہ جوشخص خدا پر توکل اور بھروسہ رکھتا ہے تو خدا اس کے لیے کافی ہے پس اس مہینے کے باقی دنوں میں زیادہ تر یہ دعا پڑھا کرو:

اے معبود!اگر تو نے ہمیں شعبان کے گزشتہ دنوں میں گناہوں کی معافی نہیں دی تو بھی اسکے باقی دنوں میں ہمیں بخشش عطا کردے۔

کیونکہ حق تعالیٰ اس مہینے میں احترام رمضان کے ناطے اپنے بہت زیادہ بندوں کوجہنم کی آگ سے آزاد فرماتا ہے۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: