عباس عسکری یونٹ کے چیف کمانڈر کی علامہ صافی اور علامہ کربلائی سے ملاقات.....

عباس عسکری یونٹ کے چیف کمانڈر شیخ میثم زیدی نے روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ شیخ عبد المھدی کربلائی(دام عزہ) اور روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ) سے آج ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

علامہ صافی نے عباس عسکری یونٹ کے وفد سے گفتگو میں قریۃ البشیر کو آزاد کروانے میں عباس عسکری یونٹ کے کردار کو سراہا اور جوانوں کی شجاعت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

علامہ کربلائی نے یونٹ کے جوانوں سے ہر ممکن طریقے سے اعلیٰ دینی قیادت کی نصیحتوں پہ عمل کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ الحمد للہ عباس عسکری یونٹ کے جوانوں کے حوالے سے ابھی تک کسی بھی شہری یا قیدی وغیرہ کے ساتھ شدید رویہ اختیار کرنے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

علامہ کربلائی نے کہا کہ ہم جنگ اور امن میں اہل بیت علیھم السلام کے اصولوں پر عمل کرتے ہیں اور انہی اصولوں کی پاسداری کے لیے شھداء پیش کرتے ہیں لیکن کسی بھی شخص پہ نہ ظلم کرتے ہیں اور نہ ظلم ہونے دیتے ہیں۔

عباس عسکری یونٹ کے چیف کمانڈر نے علامہ عبد المھدی کربلائی سے بھی ملاقات کی جس میں علامہ کربلائی نے یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر عباس عسکری یونٹ کے جوان نہ ہوتے تو شاید قریۃ البشیر اور بہت سے دیگر علاقوں کو داعش سے آزاد کروانا ممکن نہ ہوتا۔

شیخ میثم زیدی نے کہا کہ تمام حالات میں اعلیٰ دینی قیادت کے فرامین اور نصیحتوں پر عمل کرنے کو عباس عسکری یونٹ کے تمام جوان اپنا نصب العین سمجھتے ہیں۔

چیف کمانڈر نے دونوں شخصیات کا مکمل تعاون کرنے اور حکومتی سطح پر ہر حوالے سے ساتھ دینے پہ شکریہ ادا کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: