روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے گنبد پہ لہرانے والا عَلَم 5 شھداء کے والد کو ہدیہ دے دیا گیا ہے.....

صوبہ بابل میں واقع ہاشمیہ شہر سے تعلق رکھنے والے الحاج طالب الشَمَرِی نے مذہب اہل بیت علیھم السلام اور اس وطن کی خاطر اپنے 5 بیٹوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور انہی قربانیوں پہ اس دنیا میں کسی حد تک خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے روضہ مبارک حضرت عباس کے گنبد پہ لہرانے والے عَلَم کو 5 شھداء کے اس صابر والد کو ہدیے کے طور پر دے دیا گیا ہے۔

روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی خصوصی دعوت پہ الحاج طالب کا خاندان جب روضہ مبارک میں پہنچا تو حرم کی انتظامیہ اور مرکزی کمیٹی کے ارکان نے ان کا استقبال کیا۔

مراسیم زیارت کی ادائیگی کے بعد التشریفات ہال میں اس بہادر خاندان کو لایا گیا کہ جہاں سید عدنان جلو خان موسوی نے مجلس عزاء پڑھی اور اس بہادر خاندان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مجلس عزاء کے بعد الحاج طالب کو روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے گنبد کا علم ہدیے کے طور پر پیش کیا گیا کہ جسے 5 شھداء کے والد نے اپنے لیے دنیا و آخرت کا قیمتی ترین تحفہ قرار دیا۔

ان 5 شہید بھائیوں میں سے لؤی طالب انتفاضہ شعبانیہ کے دوران 7 سال کی عمر میں بعثی درندوں کے ہاتھوں شہید ہوا، ناظم طالب کو بھی بعثی حکومت نے شہید کیا، جبکہ حسن طالب جرف النصر کے علاقہ کو داعش سے آزاد کروانے کے دوران شہید ہوا، تحسین طالب اپنے بھائی حسن طالب کی شھادت کے دن بیجی کے مقام پہ داعش سے جنگ کرتے ہوئے شہید ہوا اور پانچویں محمد طالب نے رطبہ کے علاقہ کو داعش سے آزاد کروانے کے دوران جامِ شھادت نوش کیا۔

واضح رہے کہ ان کا چھٹا بھائی قصی طالب اس وقت سیکورٹی فورسز کے ہمراہ داعش کے خلاف بر سر پیکار ہے۔

یاد رہے کہ روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی شرعی علامہ سید احمد صافی(دام عزہ)، حرم کے سیکرٹری جنرل سید محمد اشیقر(دام تاییدہ) اور روضہ مبارک کے خدام کا ایک اعلی سطی وفد گزشتہ دنوں اس خاندان کو تعزیت پیش کرنے کے لیے ان کے گھر گیا اور انہیں ان شھادتوں پہ تعزیت و پرسہ پیش کیا۔
قارئین کے تبصرے
کوئی تبصرہ نہیں ہے
اپنی رائے دیں
نام:
ملک:
ای میل:
تبصرہ: