ہفتہ ثقافت نسیم کربلا کی تقریبات کے اختتام کے بعد مقدس روضوں کے وفد نے بلتستان کے متعدد دیہاتوں کا دورہ کیا اور وہاں امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے عَلَم کو نصب کیا۔
روضہ مبارک امام علی(ع)، روضہ مبارک امام حسین(ع)، روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) اور روضہ مبارک حضرت عباس(ع) کے خدام پر مشتمل وفد جب سکردو ائیر پورٹ پہنچا تو اعلیٰ دینی قیادت کے نمائندے علامہ شیخ حسن جعفری نے سینکڑوں لوگوں کے ہمراہ ان کا استقبال کیا جس کے بعد وفد کو مسجد و حسینیہ رسول اعظم لے جایا گیا جہاں امام حسین کے روضہ مبارک کے عَلَم کو نصب کیا گیا اور اسی حوالے سے منعقد ہونے والی مختصر تقریب میں وفد نےشرکت کی۔
اس کے بعد وفد اس علاقے میں موجود محبانِ اہل بیت علیھم السلام کے متعدد دیہاتوں اور قصبوں کے دورہ کے لیے روانہ ہو گیا۔ وفد نے ہر علاقہ میں امام حسین علیہ السلام کے روضہ مبارک کے عَلَم کی زیارت کروائی اور تمام محبان اہل بیت علیھم السلام کے ساتھ یکجتی کا اعلان کیا۔