آج روسی صدر کی طرف سے بنائی گئی بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری کی کمیٹی نے أندريه إيكوروف کی سربراہی میں روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کا دورہ کیا اور انتظامیہ کے ساتھ مختلف امور پہ تبادلہ خیال کیا۔
روسی وفد کے ہمراہ سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والا ایک چینی وفد بھی تھا دونوں وفود کا استقبال حرم کے متولی شرعی کے آفس انچارج الحاج جواد حسناوی نے کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے روضہ مبارک کے ساتھ مشترکہ تعاون کے متعدد منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور حرم کے ساتھ کام کرنے کو اپنے لیے شرف قرار دیا۔
کافی دیر جاری رہنے والی ملاقات کے بعد وفود نے حرم کے مختلف حصوں کی زیارت کی اور حرم میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
واضح رہے یہ وفود کربلا کی مقامی حکومت کی دعوت پہ عراق آئے ہیں اور وفود کی آمد کا مقصد کربلا میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔