روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے حضرت علی بن ابی طالب(ع) کے جشن میلاد کے حوالے سے کلکتہ میں پانچویں سالانہ جشن امیر المومنین(ع) کی تقریبات جاری ہیں اور ان میں لوگوں کی بہت بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ جشن کے دوسرے دن کی تقریبات سے روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) کے امام جماعت سید کاظم موسوی نے اسقتبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے لیے کلکتہ کے مومنین کی خدمت میں حاضر ہونا باعث فخر ہے۔ ہم روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کی طرف سے اس جشن کے انعقاد اور اس میں سامراء کے مقدس روضہ کو شرکت کی دعوت دینے پہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔
سید موسوی نے حاضرین سے کہا کہ روضہ مبارک امام علی نقی(ع) و امام حسن عسکری(ع) کے خدام آپ کی خدمت میں سلام اور حضرت امیر المومنین (ع) کے جشن میلاد پہ مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ حضرت علی علیہ السلام ایسی ہستی ہیں کہ جن کے کردار و اعمال پہ مقرب ترین ملائکہ بھی فخر کرتے ہیں، حضرت علی(ع) رسول(ص) کے شہر علم کا درواہ ہیں اور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں۔
سید موسوی نے حاضرین سے کہا اس مبارک اور پُر مسرت مناسبت کو منانے والے میرے بھائیو! ہم حضرت امام علی نقی(ع) اور امام حسن عسکری(ع) کے جوار اور امام مھدی علیہ السلام کے سرداب غیبت سے آپ کے پاس آئے ہیں تاکہ اس عظیم انسانی ہستی کے جشن میلاد کی خوشیوں میں آپ کے ساتھ شریک ہو سکیں کہ جس نے تمام انسانوں کے بارے میں فرمایا کہ ہر انسان یا تو تمہارا دینی بھائی ہے یا پھر وہ خلقت میں تمہارے ہی جیسا ہے۔رسول خدا(ص) نے حضرت علی(ع) کے بارے میں ہی فرمایاخندق والے دن علی کی ایک ضربت قیامت تک ثقلین کی عبادت سے افضل ہے۔
سید موسوی نے اپنے خطاب کے اختتام پہ ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس جشن کے انعقاد میں کسی بھی حوالے سے تعاون کیا۔